اپوزیشن رہنما شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے انہیں ہٹلر سے مشابہت دے ڈالی۔
شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ عمران خان نے 3 اپریل کو آئین کو سبوتاژ کیا، پوری قوم کی نظریں اس وقت سپریم کورٹ پر ہیں، امید کرتے ہیں عدالت عظمیٰ جلد از جلد فیصلہ دےگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کی معاشی تباہیاں اور بربادیاں بہت ہو گئی ہیں، عمران نیازی کی مثال ہٹلر سے مختلف نہیں ہے، ہٹلر نازی تھا عمران نیازی ہے، جو نازی نے جرمنی میں کیا تھا وہ نیازی نے پاکستان میں کیا۔
انھوں نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کے فیصلے عوام میں لائے جائیں، آج پاکستان دہائیوں پیچھے جا چکاہے، قوم کو جو معاشی نقصان ہو رہا ہے اس سے بچانا ہے اور اگر آج پاکستان کو بچانا ہے تو آئین کی بالادستی قائم کرنا ہوگی۔
تحریک عدم اعتماد پر رولنگ کے حوالے سے اپوزیشن رہنما نے کہا کہ 2 سال سےاسٹے آرڈر پر ہونے والے ڈپٹی اسپیکر نے غیر قانونی اسٹے دیا لہٰذا سکیورٹی کونسل کے فیصلوں کو قوم کے سامنے لایا جائے۔
ان کا کہنا تھا یہاں تو یہ جھوٹا فراڈ لیٹر لے آئے، پنجاب میں کیا ہوا تھا ؟ کل پنجاب اسمبلی کو تالے لگا دیے گئے اور خاردار تاریں لگا دیں گئیں لیکن ہم آئین کی حکمرانی اور آئین توڑنے والوں کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
عمران نیازی ایبسولیوٹلی فراڈ ہیں: شہباز شریف
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اس طرح انتخابات میں جانا ہے تو ہمیں قبول نہیں، عمران نیازی جھوٹے ہیں، عمران نیازی ایبسولیوٹلی فراڈ ہیں، ملک کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن یقینی بنانا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ عدالت پاکستان کے آئین کی حفاظت کرےگی۔
دوسری جانب دوران گفتگو شہباز شریف جہانگیر ترین گروپ اور علیم خان گروپ کے مشکور بھی دکھائی دیے اور کہا کہ حمزہ شہباز نے مقررہ ووٹ سے 13 ووٹ زیادہ لیے،کل حمزہ شہباز کو 199 ووٹ ملے جس پر جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ کی سپورٹ کا بھی شکرگزار ہوں۔












