پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھارت کے ابھیشیک شرما کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
صاحبزادہ فرحان نے منگل کو ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، انہوں نے سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں 2 فل ممبر ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا۔
صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا مستقل کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
صاحبزادہ نے اپنی سرزمین پر پہلی سیریز کو یادگار بناتے ہوئے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔
پاکستانی کپتان نے سیریز میں 79.33 کی شاندار اوسط اور 165.27 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 238 رنز بنائے، جس پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس کارکردگی کے ساتھ فرحان نے بھارت کے ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے رواں سال افغانستان کے خلاف 3 میچوں کی ہوم سیریز میں 229 رنز بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑنے کے ساتھ ہی صاحبزادہ فرحان 2 فل ممبر ٹیموں کے درمیان ہونے والی 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔
واضح رہے کہ صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کا آغاز 53 گیندوں پر 89 رنز کی میچ وننگ اننگز سے کیا، جس کی بدولت پاکستان نے 183 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کرتے ہوئے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
30 سالہ پاکستانی بیٹر نے سری لنکا کے خلاف دوسرے میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ ان کی اننگز کی بدولت پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جبکہ سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر صرف 133 رنز بنا سکی۔ اس طرح پاکستان نے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
فرحان نے سیریز کے آخری میچ میں بھی اپنی عمدہ فارم برقرار رکھی اور محض 47 گیندوں پر 76 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جس سے پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 168 رنز بنائے۔
تاہم، فرحان کی یہ کوشش پاکستان کو فتح دلانے میں ناکام رہی اور مہمان ٹیم نے ہدف باآسانی 2 وکٹوں پر حاصل کرکے سیریز میں واحد کامیابی اپنے نام کرلی جبکہ گرین شرٹس نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔
بھارت نے زمبابوے کے خلاف 3میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-3 سے کامیابی حاصل کی، جس کے بعد جاری ہونے والی نئی رینکنگ میں کئی اہم تبدیلیاں سامنے آئیں۔
صاحبزادہ فرحان 848 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے جبکہ 819 پوائنٹس رکھنے والے ابھیشیک شرما تیسرے نمبر پر چلے گئے۔ بھارت کے ایشان کشن 910 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے نوجوان بیٹر صائم ایوب 560 پوائنٹس کے ساتھ 41ویں، سابق کپتان بابر اعظم 555 پوائنٹس کے ساتھ 43ویں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا 547 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر برقرار ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کے بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر ابرار احمد 736 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ افغانستان کے راشد خان بدستور سرفہرست اور انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے محمد نواز 10 ویں، فاسٹ بولر سلمان مرزا ایک درجہ ترقی کے بعد 15ویں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی بھی ایک درجہ بہتری کے ساتھ 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔












