پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہ عوام نے ہمیں جس منشور پر ووٹ دیا ہے اسے آگے لیکر چلنا ہے، اب ہمیں اپنے مقاصد سے نہیں ہٹنا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پارٹی کے ابتدائی کارکنوں کی خدمات قابل تحسین ہیں،آپ لوگوں نے پارٹی کے لیے بڑی محنت کی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میرا مقصد وزیراعظم یا ایم این اے بننا نہیں، بلکہ قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرنے ہیں، ملک مالی طور پر بحران کا شکار ہے اس کو بحران سے نکالنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک پاکستانیوں سے رجوع کرینگے۔
عمران خان نے کہا کہ آج میرے لیے پروٹوکول لگا دیا، ایسے ملک نہیں چلے گا، اگر تبدیلی نہ لاسکے تو حشر ایم ایم اے اور اے این پی سے بھی برا ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست عبادت سمجھ کر کریں، پرانی سیاست ختم کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے آج پارٹی چیئرمین عمران خان کو وزیرا عظم نامزد کر دیا ہے۔













