الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کے کے لیے مخصوص نشستوں کا اعلان کردیا جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مرکز میں 158 نشستوں کے ساتھ پہلے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) 82 اراکین کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
ای سی پی نے 25 جولائی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پارٹیوں میں شمولیت کرنے والے آزاد امیدواروں اور مخصوص نشستوں کی تقرری کے بعد تمام جماعتوں کی تازہ پوزیشن واضح کردی ہے۔
ای سی پی کے اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں 5 اقلیتی اور28 خواتین کی نشستیں ملی ہیں جس کے بعد ان کی اراکین کی تعداد 158 ہوگئی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کو مخصوص نشستوں سے 2 اقلیتی اور 16 خواتین کی نشسیتیں حاصل ہوئی ہیں یوں ان کی مجموعی تعداد 82 ہو گئی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے ملک بھر سے 42 نشستیں حاصل کرکے تیسری پوزیشن بنائی تھی جس پر 2 اقلیتی اور 9 خواتین کی مخصوص نشستیں مل گئی ہیں اور ان کی مجموعی تعداد 53 ہوگئی ہے۔
متحدہ مجلس عمل کوقومی اسمبلی میں ایک اقلیتی نشست اور 2 خواتین کی نشست ملی۔
بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی)، ایم کو ایم، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اورپاکستان مسلم لیگ (ق) کو قومی اسمبلی میں 1، 1 نشست مل گئی۔
ای سی پی کے اعلامیے کے مطابق اقومی اسمبلی کی 13 نشستوں پر آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے 9 امیدواروں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کی جبکہ 4 آزاد حیثیت میں ہی رہے اور3 نشستوں کے نتائج روک دیے گئے ہیں۔













