مودی نے مذاکرات کی دعوت دی ہے

0
127

نو منتخب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے کل خط بھیجا ہے جس میں عمران خان کو وزیر اعظم بننے کی مبارکباد دی ہے،انہوں نے مذاکرات کی دعوت بھی دی ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد دفتر خارجہ پہنچ گئےجہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ملکی خارجہ، داخلی اور معاشی چیلنجز سے آگاہ ہوں۔

وزیر خراجہ کا مزید کہنا ہے کہ بھارت کی وزیر خارجہ کے لیے میرا پیغام ہے،کشمیر پاکستان اوربھارت میں تنازعات کی بنیادی وجہ ہے، دونوں ممالک ہمسائے اور ایٹمی قوت ہیں، بھارت سےتسلسل کے ساتھ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ماہ اقوام متحدہ کا اجلاس ہونے والا ہے، بیرون ممالک پاکستان کے سفیر حاکم نہیں ہیں، ملک کو عالمی تنہائی سے نکالنے کے لیے اقدامات کریں گے، پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے، افغان وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے دورہ کابل کی خواہش رکھتا ہوں، افغانستان کیلئے ٹھوس پیغام لے کر جانا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس کے بعد سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کروں گااور ان سے رہنمائی حاصل کروں گا،مستقبل میں کچھ ملکوں سے رابطے کیے جائیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے حزب اختلاف کو مشاورت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حنا ربانی کھر اور خواجہ آصف سے بھی مشاورت کروں گا، خارجہ پالیسی کا آغاز پاکستان سے اوراختتام بھی پاکستان پر ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی کو از سرنو دیکھا جائے گا، خارجہ پالیسی کی سمت درست کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس خطے میں امن و استحکام ہو، ملک سے غربت کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، کچھ قوتیں پاکستان کو تنہائی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کرتی آئی ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ خارجہ امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش ہوگی، عوام کی منتخب حکومت کو عوام کے امنگوں کے مطابق چلنا ہے، کچھ ممالک سے پاکستان کے خارجہ امور بہت اہمیت رکھتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے وزیر خارجہ نہ ہونے سے ملک کو نقصان پہنچا، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلے پیچیدہ ہیں، ہو سکتا ہے کہ مسائل فوری حل نہ ہوں،اپنی سوچ اور ارادے افغان قیادت کو پہنچاؤں گا، محبت، دوستی اور نئے آغاز کا پیغام لے جانا چاہتا ہوں۔

SHARE

LEAVE A REPLY