صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے میں چندگھنٹے باقی ہیں۔صدر پاکستان کی دوڑ میں شامل امیدواروں کی حتمی فہرست دو پہر ایک بجے جاری کی جائے گی ،صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر کو ہوگی ۔

اپوزیشن مولانا فضل الرحمان یا اعتزاز احسن میں سے کسی ایک نام پر متفق نہ ہوئی تو تحریک انصاف کے عارف علوی کی جیت یقینی ہے۔

کاغذات منظور ہونے کے بعد جو چار امیدوار میدان میں ہیں ان میں حکومت کے عارف علوی، پیپلزپارٹی کے اعتزازاحسن، اپوزیشن کی باقی جماعتوں کی طرف سے مولانا فضل الرحمان اور اُن کے کورنگ کینڈی ڈیٹ امیر مقام شامل ہیں۔ الیکشن سے دستبرداری کےلیے آج دن بارہ بجے تک کا وقت ہے۔

پی ٹی آئی کا یکطرفہ مقابلے اور باآسانی جیت کا دعویٰ سچ ہوتا نظر آرہاہے چونکہ پیپلزپارٹی اعتزاز احسن کے نام سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان حلیفوں اور حریفوں سب ہی سے امید لگائے ہوئےہیں۔

گزشتہ روز انہوں نے کنگری ہاؤس میں پیر پگارا اور پھر بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے حمایت کی اپیل کی، آج مولانا فضل الرحمان کوئٹہ پہنچیں گے اور حکمران جماعت سمیت دیگر رہنماؤں سےملاقات کریں گے۔ْ

مضبوط پوزیشن کے باوجود عارف علوی بھی ہر ووٹ یقینی بنانے کےلیے کوشاں ہیں، ان کی آج پشاور میں وزیراعلیٰ کے پی کے سے ملاقات ہوگی، عارف علوی ارکان اسمبلی کو بھی اعتماد میں لیں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY