چیف جسٹس صاحب تہذیب کے اس زوال کو کون روکے گا۔ڈاکٹر نگہت نسیم

0
915

عمران خان کی حکومت مجھ سمیت ہزاروں بلکہ لاکھوں ایسے لوگوں کے لئے ایک امید کی کرن تھی جوگذشتہ حکومتوں کی بد عنوانیوں اور کم ترین درجے کی انتظامی صلاحیتوں سے نالاں تھے۔ ہم لوگوں نےفقط اس لیئے خاموش سپاہی کی طرح اس جماعت کی حمایت کی کہ وہ گزشتہ بایئس برس سے ملک میں انصاف اور تبدیلی کے نعرہ لگاتے چلے آ رہے تھے۔ سیاسی جماعتوں کے ماضی کے ریکارڈ کے باوجود کہ یہ انتخاب جیتنےکے بعد اپنا ایک وعدہ بھی یاد نہیں رکھتیں ۔۔ ہم نے پی ٹی آئی کو دل سے سٌپورٹ کیا اور ن لیگ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے دشنام طرازی بھی برداشت کی۔ ہمیں اس حقیقیت کا بھی بخوبی ادراک ہے کہ جس اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نواز شریف سڑکوں پر واویلا مچاتے رہے اسی اسٹیبلشمنٹ کا کسی حد تک عمران خان کوحکومت میں لانے کا حصہ ہے۔ میں اس موضوع پر مزید کوئی بات نہیں کرنا چاہتی کہ یہ ملک کا نظام بن چکا ہے۔ کیونکہ ماضی کی ن لیگ اور زرداری کی حکومتیں بھی انہیں کی آشیرباد سے اقتدار میں آیئں ۔

تکلیف دہ بات یہ ہے کہ اب جبکہ نئی حکومت کو کار سرکار سنبھالے دو ماہ کا عرصہ گزرنے والا ہے اور ابتدائی سو دن کا ہدف خود حکومت نے اپنے لئے مقرر کیا ہے تاکہ انہیں اپنے سفر کی سمت کا کم از کم تعین ہو سکے۔ تو اب جبکہ سو دن مکمل ہونے میں کوئی بہت زیادہ وقت نہیں بچا تو ابھی تک کسی سمت کا تعین دیکھائی نہیں دیتا۔ اور وہ سارے اعتراضات جو گزشتہ پانچ سال میں گزشتہ حکومت پر ہوتے رہے ہیں ، ان کا عکس کسی نا کسی طرح سے موجودہ حکومت میں بھی نطر آرہا ہے ۔ سیاست اور صحافت کی ایک طالب علم کے طور پر میری پریشانی یہ ہے کہ ہمارے عوام کے پاس مزید تجربے کی کوئی گنجایئش نہیں اور حکومت میں ابھی تک ترجحیات کا شعور نظر نہیں آتا۔ معشیت کا افریط جو منہ کھولے کھڑا ہے ایک ہزار فیصد توجہ اس پر دینے کی بجائے ایسے عنوانات اور موضوعات پر دی جا رہی ہے جنہیں کلیدی نہیں بلکہ ثانوی حثیت حاصل ہے۔

سعودی عرب پر مالی انحصار اس حکومت نے باقی حکومتوں کی نسبت بہت زیادہ کر لیاہے۔ اور صرف ادھار پر تیل لینے کے لئے یمن جیسے مسلے پر حکومت کو سعودیہ کی حمایت کرنی پڑ رہی ہے ۔ سعودی عرب جو خود مکمل طور پر امریکہ کا کاسہ لیس ملک بن چکا ہے ۔ اور جس کے لئے حال ہی میں صدر ٹرمپ نے یہاں تک کہ دیا “ شاہ سلمان اور ان کی حکومت ہمارے بغیر دو ہفتے بھی نہیں چل سکتی “ ۔ ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ ہماری ساری توانایاں معشیت کی بہتری کے لئے ہوتیں ، لیکن ہم غیر ضروری معاملات میں الجھ گئے ہیں جن میں وزیر اعظم ہاؤس کی بھینسوں کو فروخت کرنا ، وہاں کی گاڑیوں کوبیچنا ، وزیر اعظم ہاوس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا شور مچانا، اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان کی سات منزلہ سونے جیسی عمارت کو لیز پر دینے کا معاملہ بلا وجہ اور بے وقت کھڑا کرنا اور ایسے ہی متعدد مسائل کو آ بیل مجھے مار کے مصداق دعوت دینا ہے ۔ مجھے حیرانی اس بات کی ہے اب جبکہ وفاقی کابینہ میں صرف وزیروں کی تعداد چالیس سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ مشیران ان کے علاوہ ہیں تو ان سے کسی اچھی کارکردگی کی امید کرنا جائز نظر آتا ہے ۔ ماضی کی حکومتوں کے لئے بڑی کابینہ پر شور مچانے والے خود اپنے عمل سے کیا ثابت کر رہے ہیں ۔

بادشاہوں کے کام بادشاہ جانیں ۔ حکومت کیسے چلانی ہے یہ مجھ جیسے عام آدمی کا مسلہ نہیں ہے ۔ عام آدمی کا مسلہ دو وقت کی روٹی ، رہنے کے لیئے مکان اور تن ڈھاپنے کے لئے کپڑا ہے ، صحت ہے ، اسکول ہے ، صاف پانی ہے اور سستا انصاف ہے ۔ مجھے نہیں لگتا کہ ابتدائی سو دنوں میں حکومت کی نگاہ بھی ان ترجیحات کی طرف جا سکے گی ۔ اس سے بھی بڑھ کر دکھ کا پہلو تہذیب کا روز بروز گرتا ہوا گراف اور زوال ہے جو کہیں رکتا نظر نہیں آرہا۔ عمران خان نے کنٹینر سے جس زبان کا آغاز کیا تھا وہ زبان اور وہ لہجہ اور وہ طرز گفتگو فواد چوہدھری سے ہوتی ہوئی ملک کے چیف جسٹس تک پہنچ چکی ہے۔

عمران خان کی ٹیم میں قابل لوگوں کا فقدان ہے ۔ پہلے بھی علم تھا لیکن اب تو کھل کر سامنے آگیا۔ اسد عمر جو اس ٹیم میں سب سے بہتر آدمی سمجھے جا رہے تھے ، وہ چونکہ براہ راست معیشی سایئنس کے نہیں ہیں اس لیئے ان کی کارگردگی پر بھی سوالیہ نشان ہیں ۔ فواد چوہدری اور اسد عمر کے علاوہ کوئی ایک وزیر بھی نا توکام کرتا نظر آتا ہے اور نا اپنے کسی کام کی وضاحت یاتشہیر کرتا دیکھائی دیتا ہے ۔ فواد چوہدری ملک کے پہلے انتہائی بدزبان وزیر اطلاعات ثابت ہوئے ہیں ۔ کیمرے کی آنکھ سے آنکھ ملا کر اور بلند آواز میں بدترین جھوٹ کاجومظاہرہ کر چکے ہیں، اس کامقابلہ شاید کوئی بھی نا کر پائے۔ کسی بھی ملک میں وزارت اطلاعات ، دفاع کی وزارت سے بھی زیادہ اہم ہوتی ہے ۔ اور وزیر اطلاعات کو جتنا پرسکون ، جتنامعاملہ فہم اور جتنا زبان و بیان کے حوالے سے منتخب الفاط کاحامل ہونا چاہیئے ، فواد چوہدری اس کے برعکس ہیں۔

میں سوچتی ہوں کیا عمران خان کو اس سے زیادہ برا آدمی اس منصب کے لئے نہیں ملا تھا۔ اور یہ بھی سوچتی ہوں کیا عمرن اخان کو اس بہت عام سے وکیل جو بہت سی سیاسی جماعتوں کا طواف کر کے یہاں تک پہنچا اس کی کرگردگی دیکھائی نہیں دے رہی ۔ لیکن پھر یہ محسوس ہوتا ہے عمران خان نے شاید خود ہی اس بدتمیزی کی اجازت دے رکھی ہے ۔ لیکن کنٹینر کی سیاست اور حکومت کی سیاست میں زمین آسمان کافرق ہوتا ہے ۔ اب مزید دکھ اور بڑھ گیا کہ یہی لب و لہجہ ملک کی اعلی ترین عدالت کے منصف اعلی چیف جسٹس کے ہاں بھی نظر آنے لگا ہے ۔ عدا لت میں تو وہ جو ریمارکس دیتے ہیں ان پر بحث نہیں لیکن عوامی اداروں کے دوروں پر وہ جس طرح سے افسران کی اور مالکان کی تذلیل کرتے ہیں اس کی توقع ان سے ہر گز نہیں کی جا سکتی۔ ابھی حال ہی میں فیس بک پر لاہور سے ایک نجی ہسپتال کی وڈیو سامنے آئی ہے ۔ جس میں چیف جسٹس کا طرز گفتگو فواد چوہدری کی گفتگو سے قریب تر ہے ۔ آپ کسی بھی شخص کو سخت سے سسخت سزا دے سکتے ہیں لیکن اس کے عملے کے درمیان اس کی تذلیل نہیں کر سکتے ۔ آپ تو قانون اور آیئن کے محافظ ہیں اور آ پ کو فواد چوہدری جیسے لوگوں کی بدذبانی کا نوٹس لینا ہے لیکن اگر آپ کالب و لہجہ بھی اسی رنگ میں رنگا گیا توچیف جسٹس صاحب اس تہذیب کے زوال کو کون روکے گا۔

ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

LEAVE A REPLY