امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کی جانب سے افغانستان میں ہلاک ہونے والے اپنے فوجی کی شناخت ظاہر کر دی گئی ہے۔ پینٹاگون کے مطابق ہلاک ہونے والا تیئیس برس کا جیمز اے سلیپ تھا۔ اس کا تعلق شمالی کیرولینا کے شہر مورہیڈ سے تھا۔ یہ فوجی جمعرات چار اکتوبر کو شورش زدہ افغان صوبے ہلمند میں ایک بارودی ڈیوائس کے پھٹنے سے ہلاک ہوا۔ جیمز اے سلیپ کا تعلق آرمی نیشنل گارڈ کے ساٹھویں ٹروپ سے تھا۔ افغانستان میں متعین امریکی فوجی حکام اپنے فوجی کے مارے جانے کے حالات و واقعات کی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں۔











