میں کل واپس جاونگی کھانے کی میز پر بھائی اوربچوں کو بتایا تو بھائی بولے کل ہم سیٹھی ہاوس دیکھنے جارہے ہیں ایسا کرو تم بھی ہمارے ساتھ چلو ہاں ہاں پھپھو چلیں نا میری بھتجیوں نے بھی اصرار کیا -انکا اصرار اور کچھ اپنا آثار قدیمہ دیکھنے کا اشتیاق میں بخوشی راضی ہو گئ – دوسرے دن ایتوار تھا ناشتے سے فارغ ہو کر ہم روانہ ہوئے اندرون شہر پہنچے تو گاڑی کافی دورکھڑی کرنا پڑی کہ اس قدیم تاریخی ورثے کی از سر نو تزئین و آرائش کی جارہی تھی حکومت کی جانب سے زور و شور سے تعمیراتی کام جاری تھا یہاں وہاں مختلف رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے کافی پیدل چل کر محلہ سیٹھیاں پہنچےسہ منزلہ مکانات، خوبصورت لکڑی کے کام سے مزین بالکونیاں، چھجے، بالا خانے سڑک کے دو رویہ بہت خوب صورت لگ رہے تھے سیٹھی ہاوس کے لئے اندرگلی کی طرف مڑے تو پشاور کی تنگ گلیوں کے برعکس کھلی کشادہ پختہ گلی،قدیمی لکڑی کے دروازے،کنڈیاں، بڑے بڑے پرانے تالے، ڈیوڑھیاں، مرکزی دروازے کے ساتھ بنی ہوئی چوکیاں، بچےدھڑا دھڑ تصویریں بنانے لگے چوبی دروازے قدم روک روک لیتےاوراس منظر کو بچے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیتے چلو ابھی سیٹھی ہاوس توآگے ہے اچھا کہہ کر قدم آگے بڑھاے اور اس شاندار تاریخی گھر میں داخل ہونے جسے دیکھنے کا شوق ہمیں کشاں کشاں یہاں لایا تھا بڑی سی ڈیوڑھی میں بنے آثار قدیمہ کے دفتر سے ٹکٹ اور ایک مختصر سا انگریزی میں لکھا پمفلٹ ملا (اردو میں اورکچھ مزید معلومات چاہیں تو انہوں نے معذرت کرلی )بہرحال اس کے مطابق جب سکھوں نے پنجاب میں اپنا اقتدار قائم کیا تو سیٹھی قبیلے کے لوگ یہاں سے نقل مکانی کرگئے بعدازاں وہ دوبارہ پشاور منتقل ہو گئے جہاں سے وہ اپنے بین الاقوامی تجارت کے نیٹ ورک کو وسط ایشیا اورکچھ دوسرے ممالک تک پھیلاتے ہیں اس منافع بخش تجارت نے خاندان کو مالی فائدہ دیا سیٹھی نہ صرف امیر بلکہ عظیم فلسفہ پرست تھے اوراعلی ذوق رکھتے تھےوہ بیسویں صدی کے امیر آدمی کے گھر کا بہترین ماڈل پیش کرتے ہیں یہ گھر پشاوری تہذیب و ثقافت کے بھی علمبردار ہیں کریم بخش سیٹھی نے 1884 میں یہ گھرتعمیر کیا اسکا مجموعی رقبہ 33مرلے ہے کے،پی حکومت 2006 اس گھر کو 15 ملین میں خریدا

چند سیڑھیاں چڑھ کر گھر میں داخل ہوئے جسے دیکھنے کی کب سے آرزو تھی جتنی اس کی تعریف سنی تھی اورتصویریں دیکھی تھیں اصل میں اس سے بڑھ کر پایا یہ تین منزلہ گھرآرکیٹیکچر، لکڑی کے باریک ونفیس کام،اورپشاور کی روایت وثقافت کا آئینہ دار ہے بڑا سا صحن، بیچ میں فوارا،صحن کے چاروں طرف دالان جن کی خوبی یہ کہ بستے اٹھالیں تو برآمدہ یا دالان بن جائیں اورگرالیں توکمرہ بن جاے (پشاور کے روایتی گھر اسی طرح کے )لکڑی دروازے جن کو کھرچ کر (کارونگ)طرح طرح کے نقش و نگار کندہ،روشندان اوردروازے اوپر قوس و قزح کے رنگوں کےشیشے، چھت پر الگ قسم کے شیشے لگے ہےاور باریک ونفیس کام غرض جہاں نگاہ دوڑائیں منفرد ومتنوع ڈیزائن اورنگ دامن دل کوکھینچتے اورمبہوت کیے دےرہے تھےبالکونیاں، طاقچے، چینی خانہ فن پارے ہی فن پارے میں تو پہلی ہی منزل کے حسن میں کھوکر رہ گئ بھائی بھابھی اور بچے دوسری اورتیسری منزل تک گئے سیڑھیاں دیکھ کر ٹانگوں نے دل کاساتھ دینے سے انکار کیا میں چاروں طرف دالانوں میں گھوم پھر کر چیزیں دیکھنے لگی -دالان کے اندر کمروں کو تالے لگے تھے اندر کمرے کیسے شاندار ہونگے اب ان مقفل کمروں اور چپ کی چادر اوڑھے اس حویلی میں کبھی زندگی اپنے اپنے جوبن پر ہوگی آوازیں شور، گہماگہمی یہاں کیسی کیسی حسین و جمیل بیگمات مسہریوں، تخت پوشوں پر فروکش ہونگی نوکروں چاکروں خادموں پرحکم چلاتی ہوئی سیٹھی اتنے امیر کبیر تھے اور ان کی تجارت وسط ایشیائی ممالک تک پھیلی ہوئی تھی تو ان کی بیگمات کیسے منفرد اطلس و دیبا کے ملبوسات، ہیرے جواہرات پہنتی ہونگی انکی بہو، بیٹیاں عید شب برات تہواروں پر کیا کیا اہتمام اوررنگ میلے ہوتے ہونگے قوالی مشاعرے محفل موسیقی
اس دالان میں جہاں مکمل سناٹا اور خاموشی کا راج تھا سب اوپر جلے گئے تھے اورمیں چشم تصور سے بہت کچھ دیکھ اورسن رہی تھی کتنی نسلیں کتنے لوگ گزرگئےیہاں حسن و عشق کی کتنی داستانوں نے جنم لیا ہوگا درودیوار نے کتنے قہقہےسنےہونگے کتنی آہوں اورآنسووں کےامین ہونگے ہیرے جواہرات پہننے والی بیگمات کے دل بھی خوش ہونگے! چلیں نا پھپھو آپ اوپر نہیں گیں اوپر کی دونوں منزلیں بھی بہت خوبصورت ہیں اچھا کہہ کر شکر ہے میں تصورات کی وادی سے نکل آئی جہاں میں بے طرح اداس ہوئی جا رہی تھی
یہ دیکھیں وہ مجھے تصویریں دکھانے لگےبلاشبہ اوپر کی دومنزلیں بھی اتنی خوبصورت تھیں 1884 میں تعمیر کردہ اس گھر کاخالق کریم بخش سیٹھی بھی کیا باذوق آدمی تھاگھر کی ایک ایک اینٹ کھڑکی درودیوار اسکے ذوق کی گواہی دے رہے تھے میں گائڈ سے بہت کچھ پوچھنا چاہ رہی تھی مگر وہ بتانے سے قاصر تھا حیدر (بھتیجا)مسلسل تصویریں لے رہا تھا-بالکونی دروازے ہر ہرجگہ پر بچے عموما تاریخی مقامات کو پسند نہیں کرتے مگر بچوں کی دل چسپی اورخوشی بتارہی کہ یہ شاہکار انہیں بہت پسند آیا ابھی ہم تصویریں لینے ہی میں مگن تھے کہ میوزیم بند ہونے کا وقت ہوگیا لہذا بہ دل نخواستہ باہر آے سیٹھی محلے کی پختہ کشادہ گلی، درودیوار، اورقدیمی چوبی دروازے پشاور کی صدیوں پرانی تہذیب و تمدن اور دھرتی کی سوندھی سوندھی خوشبو میں رچے بسے تھے جہاں زندگی سانس لیتی اورمسکراتی نظر آتی ہے -کھانے قہوہ خانے اب بھی روایت وثقافت کے آمین ورنہ پوش آبادیاں تو مغربی طرز تعمیر کی یکسانیت اور یک رنگی میں رنگی ہوئی یہ سب سوچتے ہوئے ہم اس تاریخی محلے سے نکلے اپنی یادوں کی پوٹلی میں ایک خوشگوار یاد کا اضافہ کرتے ہوئے اور اس خوشگوار دن کو مزید خوشگوار بنانے کے بھائی آرمی سٹڈیم کے ہوٹل میں لنچ کروانے لے گئے جہاں چارپائیوں پرگاوتکئے لگے ہوے تھے تخت پوش بچھے تھےسرخ قالین پر گاو تکئےلگے ہوے 4 بج چکے تھے بھوک بھی زوروں کی لگی تھی کھانے کے ساتھ خوب انصاف کیا اوربھای کاشکر یہ تو خیر دعائیں دے کر رسالپور کی راہ لی
تحریر؛ نصرت نسیم
تصاویر۔۔حیدر













