دکانداروں پر مقررہ حد سے زائد فکسڈ ٹیکس لاگو کرنے پر تحقیقات کا حکم

0
1337

وزیراعظم نے بجلی کے بلوں کے ذریعے دکان داروں سے فکس ٹیکس کی وصولی معطل کردی ساتھ ہی انہوں نے ٹیکس وصولی کی شرح مقررہ حد سے زائد کرنے کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کے نرخ اور بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کلیکشن کے معاملے پر لاہور میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، چیئرمین ایف بی آر، وفاقی سیکریٹریز توانائی اور خزانہ اور پٹرولیم کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے بجلی کے بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کی وصولی کو فوری طور پر معطل کرکے ٹیکس وصولی کے لیے نئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔

شہباز شریف نے بجلی کے بلوں کے ذریعے دکان داروں پر فکسڈ سیلز ٹیکس کو متفقہ شرح سے زیادہ لاگو کرنے پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی کہ دکان داروں سے ٹیکس وصولی پر کوئی بھی فیصلہ کرتے ہوئے تاجروں کے نمائندگان کو مشاورت میں شامل کیا جائے۔

مزید برآں وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور حکام کو فوری طور پر غریب طبقے کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی کا موثر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت غریب طبقے کے مالی تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کے لیے کوشاں ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY