اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن نے قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو تاخیر سے اسمبلی پہنچانے پر بائیکاٹ کردیا۔
پارلیمنٹ ہائوس پہنچنے پر پارٹی رہنمائوں سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ نیب والے انہیں یہاں لانا ہی نہیں چاہتے تھے، کبھی کہا جہاز دستیاب نہیں ، کبھی کوئی اور بہانہ بنایا۔
اپوزیشن لیڈر پارٹی رہنمائوں سے بات چیت کے بعد اپنے چیمبر میں چلے گئے ،جس کے بعد مسلم لیگ نے قومی اسمبلی اجلاس سے بائیکاٹ کردیا ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کے بائیکاٹ پر کہا کہ شہباز شریف کو اسمبلی لانے کے لیے اسپیکر نے اپنی ذمے داریاں پوری کیں،ہمیں اپوزیشن لیڈر کے آنے پر کوئی اعتراض نہیں، وہ ضرور آئیں۔
ان کا کہناتھاکہ شہباز شریف آئیں اور اپنا نکتہ نظر بیان کریں،اگر اپوزیشن ایوان کی کارروائی آگے نہیں بڑھنے دے گی تو پورا نظام متاثر ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ ایوان میں آئیں اور اپنا کردار ادا کریں،ایوان کا چلنا حکومت اوراپوزیشن دونوں کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کے معزز اراکین سے گزارش ہے کہ احتجاج کرنا ہے ضرور کریں لیکن پورے ایوان کو بے معنی نہ کریں













