آدھے تیتر آدھے بٹیر کی زندگی ۔۔ ڈاکٹر نگہت نسیم

0
1418

اکتیس اکتوبر دو ہزار اٹھارہ بروز بدھ کے دن پاکستان کی سب سے بڑی خبر یہ ہے کہ “ سپریم کورٹ نے توہین رسالت کیس میں آسیہ بی بی کو بری کردیا “ اور یہ فیصلہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سنایا۔ بنچ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل بھی شامل تھے ۔

دوسری طرف پاکستان کی مذہبی سیاسی جماعت ’تحریک لبیک یا رسول اللہ‘ کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی کال پر اسلام آباد میں ہمگامے پھوٹ پڑے ہیں ۔ ان کا خیال ہے یہ قانون ناموس رسالت اور آئین پاکستان پر حملہ ہے اور ایسے ججوں کے پیچھے قادیانی قوتوں اور اسلام دشمن عناصر کا ہاتھ ہے ۔

پاکستان میں انسانی حقوق سے متعلق غیر سرکاری تنظیم، ’ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان‘ کے چئیرمین، ڈاکٹر مہدی حسن کے مطابق “ آسیہ بی بی کو رہائی ملی تو تو اُسے قتل کر دیا جائے گا کی ماضی میں سات ایسے افراد کو عدالتی فیصلے سنانے سے قبل، عدالت پہنچنے سے پہلے یا پولیس اسٹیشن میں قتل کیا جا چکا ہے ۔

معزز قاریئن ۔۔!
آسیہ بی بی کا تعلق صوبہٴ پنجاب کے ضلع شیخو پورہ سے ہے اور وہ عیسائی مذہب سے ہے ۔ دو ہزار دس سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں توہین رسالت کے جرم میں قید ہیں۔ آسیہ بی بی سے اُس وقت کے گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے ملاقات کی تھی، جس کے بعد انہوں نے بیان دیا تھا کہ توہین رسالت کا قانون انسانوں کا بنایا ہوا ہے، جس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے اس بیان کے بعد اُن کی سرکاری محافظ پنجاب پولیس کے اہلکار ممتاز قادری نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جنہیں مقدمے کے بعد جرم ثابت نا ہونے پر پھانسی دی چکی ہے ۔

پاکستان میں ایک بار پھر توہین رسالت کے قانون پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں ۔ جتنے منہ اتنی باتیں ہو رہی ہیں ۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ اچھا فیصلہ آیا ہے تو کوئی اس فیصلے کو “سیکولر حکومت “ کی طرف ایک اہم قدم کہہ رہا ہے ۔

آیئے دیکھتے ہیں قانون رسالت ہے کیا ۔۔؟
تعزیرات پاکستان میں ایک آئینی شق 295 سی کو قانون توہین رسالت کہا جاتا ہے۔ اس کے تحت “پیغمبر اسلام “ کے خلاف تضحیک آمیز جملے استعمال کرنا، خواہ الفاظ میں، خواہ بول کر، خواہ تحریری، خواہ ظاہری شباہت/پیشکش،یا ان کے بارے میں غیر ایماندارنہ براہ راست یا بالواسطہ سٹیٹمنٹ دینا جس سے ان کے بارے میں بُرا، خود غرض یا سخت تاثر پیدا ہو یا انکو نقصان دینے والا تاثر ہو یا ان کے مقدس نام کے بارے میں شکوک و شبہات و تضحیک پیدا کرنا، ان سب کی سزا عمر قید یا موت اور ساتھ میں جرمانہ بھی ہوگا۔”

اس قانون کے حق اور مخالف میں بہت سارے دلائل ہیں تاہم تمام مکاتب فکر کے علما کے نزدیک گستاخ رسول کو سزا دینے کا اختیار ریاست کو ہے، کوئی شخص انفرادی طور پر گستاخ رسول کو قتل نہیں کر سکتا۔“

مجھے یاد آیا انتیس نومبر دو ہزار دس کے آن لائن نوائے وقت میں ڈاکٹر سمیحہ راحیل کا مضمون “ قانون توہین رسالت کیا ہے اور کیوں ضروری ہے؟ “ شائع ہوا تھا ۔۔ جس میں انہوں نے بہت احسن طریقے سے “ توہین رسالت کے قانون “ کی تاریخی حثیت پر ریسرچ لکھی تھی ۔۔ جی چاہ رہا ہے کہ آپ سب سے ضرور مختصرا اس پر بات کروں ۔۔ ڈاکٹر صاحبہ لکھتی ہیں ۔۔

برصغیر پاک و ہند میں مغلیہ سلطنت کے عدالتی مقدمات میں فیصلے قرآن و سنت اور فقہ کی روشنی میں کئے جاتے تھے۔ مغلوں کے زوال کے بعد 1860ءمیں انڈین پینل کوڈ نافذ کیا گیا جس کے نفاذ اور تدوین کے لئے گورنر جنرل ہند نے لارڈ میکالے کی سربراہی میں ایک کمشن تشکیل دیا تھا۔ انگلینڈ میں آج بھی اور 1860ءمیں بھی قانون توہین مسیح بطور کامن لاموجود تھا اور وہ انگلینڈ کے مجموعہ قوانین میں Blasphemy Act
ہے۔ 1898ءمیں دفعہ 124-اے تعزیرات ہند میں شامل کی گئی جس کے تحت حکومت برطانیہ کے خلاف منافرت پھیلانے یا توہین حکومت کے جرم کی سزا عمر قید مقرر کی گئی۔ اسی سال یعنی 1898ءمیں ہی ایک دفعہ 153-اے کا بھی اضافہ کیا گیا جس کا متن حسب ذیل ہے:۔

”جو کوئی الفاظ سے بذریعہ تقریر، تحریر، اشارات یا کسی دوسرے طریقے سے ہندوستان میں ہر میجسٹی کی رعایا کی مختلف جماعتوں میں دشمنی یا منافرت کے جذبات ابھارنے یا انہیں بھڑکانے کی کوشش کرے۔ اسے دو سال قید تک سزایا جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں“۔

حضور اکرم کی شان میں گستاخی کرنے والے شاتمان کے خلاف مقدمات بھی اسی دفعہ 153-اے کے تحت قائم ہوئے۔ جس میں سب سے مشہور مقدمہ ”رنگیلا رسول“ کے ناشر راج پال کے خلاف اسی جرم کے ارتکاب پر رجسٹر ہوا۔ عدالت سیشن جج سے اسے سزا دی گئی مگر ہائی کورٹ نے اسے سزا نہ دی۔ جس کے خلاف مسلمانان ہند میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور ہر پلیٹ فارم سے سخت احتجاج کیا گیا تاآنکہ غازی علم دین شہید نے راج پال کو موت کے گھاٹ اتار کر اسے توہین رسالت کی سزا دی اور خود زندہ جاوید ہو گیا۔

جب برٹش گورنمنٹ نے مسلمانوں کے جذبات کو دیکھا کہ اس دفعہ 153-اے سے وہ مجروح ہو رہے ہیں تو ان کی اشک سوئی کے لئے 295-اے کو قانونی فوجداری کے ترمیمی ایکٹ میں 1927ءمیں Indian P.C
میں شامل کیا گیا، وہ دفعہ یہ ہے۔

”جو کوئی عملاً اور بدنیتی سے تحریری، تقریری یا اعلانیہ طور پر ہر میجسٹی کی رعایا کی کسی جماعت کے مذہب یا مذہبی عقائد کی توہین یا توہین کی کوشش کرے، کہ جس سے اس کے مذہبی جذبات مشتعل ہوں تو اسے دو سال تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکتی ہیں“

قیام پاکستان کے بعد 23 مارچ 1956ءکو ”ہر میجسٹی کی رعایا“ کے الفاظ کو ”پاکستان کے شہریوں“ کے الفاظ سے تبدیل کر دیا گیا۔

1961ءمیں ایک ترمیمی آرڈیننس آیا، مگر اس دفعہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

1980ءمیں دوسرے ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے 298-اے کا اضافہ کیا گیا جو حسب ذیل ہے۔

”جو کوئی تحریری، تقریری، اعلانیہ، اشارتاً یا کنائتاً بالواسطہ یا بلاواسطہ امہات المومنین یا کسی اہل بیت یا خلفاءراشدین میں سے کسی خلیفہ راشد یا اصحاب رسول رضوان اللہ علیہم کی بے حرمتی کرے، ان پر طعنہ زنی یا بہتان تراشی کرے، اسے تین سال تک کی سزا یا سزائے تازیانہ دی جائے گی یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔

اس دفعہ میں امہات المومنین اور اصحاب رسول رضوان اللہ علیہم کی شان میں گستاخی کو تو قابل تعزیر گردانا گیا تھا مگر خود اس مقدس ہستی صلی اللہ علیہ وسلم جن سے نسبت کی وجہ سے ان کو یہ مرتبہ حاصل ہوا، اس کی گستاخی کی کوئی سزا نہ تھی۔ جس پر سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ جناب اسماعیل قریشی کی جانب سے 1984ءمیں شریعت کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ ابھی شریعت کورٹ میں فیصلہ نہ ہوا تھا کہ محترمہ آپا نثار فاطمہ نے ملک کے سینئر علماءاور وکلاءکے توسط سے قومی اسمبلی میں توہین رسالت کے مجرم کے لئے سزائے موت کا بل پیش کیا، جسے فوجداری قانون ترمیمی ایکٹ نمبر 3 سال 1986ءکی صورت میں منظور کرکے تعزیرات پاکستان میں 295-سی کی صورت میں نافذ کیا گیا۔ جس کا متن یہ ہے!

”جو کوئی عملاً، زبانی یا تحریری طور پر یا بطور طعنہ زنی یا بہتان تراشی بالواسطہ یا بلاواسطہ اشارتاً یا کنائتاً محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین یا تنقیص یا بے حرمتی کرے وہ سزائے موت یا سزائے عمر قید کا مستوجب ہو گا اور اسے سزائے جرمانہ بھی دی جا سکتی ہے“

توہین رسالت کے متذکرہ بالا بل میں اہانت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سزا بطور سزائے موت کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن اس میں عمر قید بھی رکھی گئی جو قرآن و سنت کے منافی ہے، فیڈرل شریعت کورٹ نے 30 اکتوبر 1990 کو 295-سی میں ترمیم کرکے عمر قید کے الفاظ حذف کر دیئے اور اب یہ فیصلہ پی ایل ڈی میں شائع ہوا ہے
(حوالہ PLD-FSC-1991 Page 10)

آسیہ بی بی کے متعلق جو بھی فیصلہ آیا ہے “ اچھا ہے “ کیونکہ مقدمہ ایک عدالت میں نہیں بلکہ ہر عدالت میں چلا ہے ۔ اور متعلقہ ججز نے تفتیش مکمل کرنے کے بعد ہی فیصلہ دیا ہے ۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ توہین رسالت کا قانون ہر صاحبان شریعت نبی کی توہین پر لاگو ہوتا ہے لیکن سزا صرف گستاخ رسول صلہ اللہ علیہ وآلہ وسلم نکی توہین پر ہی پاتا ہے ۔ دینی قیادتیں کسی عالم دین کی بجائے ملا مولوی کے ہاتھوں میں ہیں جو محبت ، امن اور عدل کے داعی نہیں ہیں ، جن کے پاس جذباتی نعروں کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔ انہیں یہ تک معلوم نہیں ہے کہ قرآن و سنت نے حد اور تعزیری سزاؤں کے لئے چند شرائط مقرر کی ہیں جن میں نیت، ارادے اور قصد کو جرم کا بنیادی رکن بنایا ہے جو دنیا کے کسی اور قانون کا جزو نہیں سمجھا جاتا۔ مگر اللہ اور اس کے رسول نے ارادہ اور نیت کو جرم اور ہر عمل کی بنیاد بنا کر انسان کو جزا اور سزا کا مستحق قرار دیا جو دنیائے قانون و عدل میں سب سے پہلا انقلابی قدم تھا ۔

تمام اسلامی ممالک بشمول پاکستان اسلامی قانون کے مکمل نفاظ سے چونکہ قاصر رہے ہیں اس لیئے آدھے تیتر آدھے بٹیر کی طرح زندگی گزار رہے ہیں ۔ یہی وہ حالات ہیں جو کبھی “ غازی علم دین “ اور کبھی “ ممتاز قادری “ جیسے لوگ پیدا کرتے ہیں ۔

ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

LEAVE A REPLY