شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ عراقی سرحد کے قریب جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ایک حملے میں بارہ جنگجو ہلاک اور بیس زخمی ہو گئے۔ مارے جانے والے جنگجوؤں کا تعلق سیریئن ڈیموکریٹک فورسز سے تھا۔
آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان کے مطابق داعش نے اس اچانک حملے کی ابتدا ایک کار کے ذریعے کیے گئے خود کش حملے سے کی۔ دوسری جانب سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے اس حملے میں اپنے مسلح کارکنوں کی ہلاکت کی تردید کی ہے۔
ایس ڈی ایف کو امریکا کی عسکری حمایت حاصل ہے اور ان فورسز میں کرد ملیشیا گروپ اور سنی عرب قبائل شامل ہیں۔












