پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف سے ان کے اہل خانہ نے سب جیل اپوزیشن لیڈر ہاوس میں ملاقات کی اور رات کا کھانا ساتھ کھایا۔
اس حوالے سے پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ حمزہ شہباز، ان کی اہلیہ اور والدہ نصرت شہباز نے اسلام آباد میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں منسٹر انکلیو میں اپوزیشن لیڈر ہاوس کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (نیب) نے سب جیل قرار دے رکھا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فیملی سے ملاقات میں نیب کسیز سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔
علاوہ ازیں سلمان شہباز شریف کے بیٹے کی ولادت سے متعلق بھی ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے بعد میاں شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ نے کھانا بھی اکٹھے کھایا۔
خیال رہے کہ میاں شہباز شریف قومی اسمبلی اجلاس کے باعث آجکل پروڈکشن آرڈر پر اسلام آباد میں مقیم ہیں۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ شہباز شریف کل شام قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے اور اس سے قبل وہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
شہباز شریف کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر بھی کریں گے۔












