سی آئی اے نے نہیں کہا کہ ولی عہد سلمان نے قتل کا حکم دیا، امریکی صدر

0
830

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سینٹرل انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) نے نہیں کہا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جمال خاشقجی کے قتل کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی انٹیلی جنس افسران نے کہا کہ اس حوالے سے آپریشن کے لیے اعلیٰ ترین سطح پر منظوری کی ضرورت ہوگی۔

سی آئی اے کی رپورٹ سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘انٹیلی جنس ایجنسی نے اب تک نتائج اخذ نہیں کیے’۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے الزامات مسترد کیے جانے سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’شاید پوری دنیا کا احتساب ہونا چاہیے کیونکہ یہ ایک بُری جگہ ہے‘۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ ’میں جرم سے نفرت کرتا ہوں، میں جرم چھپائے جانے سے نفرت کرتا ہوں، میں آپ کو بتاؤں گا کہ ولی عہد جرم اور اسے چھپانے کے عمل سے مجھ سے زیادہ نفرت کرتے ہیں اور وہ اسے پُرزور طریقے سے مسترد کرتے ہیں‘۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل امریکی صدر نے کہا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی ملوث ہوئے تو بھی وہ اتحادی ملک سعودی عرب کا ساتھ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، ایرانی عزائم کا مقابلہ کرنے میں امریکا کی مدد کرتا رہا ہے، اس کے ساتھ ہی وہ امریکا سے 4 سو 50 ارب ڈالر کے ہتھیاروں کے معاہدے اور دیگر سرمایہ کاری کا پابند ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اس کے علاوہ سعودی عرب نے تیل کی قیمتیں کم رکھنے میں بھی مدد کی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY