اسے غیرت کہیں گے یا بے غیرتی۔ خدا جانے یہ منحوس رسم ہمارے معاشرے میں کس نے رائج کی اور یہ کیا کہ ہمیشہ غیرت کے نام ہر عورت ہی ماری جائے مرد کیوں بے غیرت نہیں ہو سکتا؟
ہم روزانہ کسی نہ کسی جگہ پر غیرت کے نام پر قتل کی خبریں سنتے پڑھتے ہیں،اس ضمن میں تازہ ترین خبر
مظفر گڑھ میں غیرت کے نام پر ایک شخص نے اپنی بیوی اور تین بیٹیوں کو قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے سیت پور کے رہائشی افضل کو اپنی بیوی پر بد چلنی کا شبہ تھا، بیوی سے تلخ کلامی کے بعد ملزم نے طیش میں آکر تیزدھار آلے سے پہلے بیوی عذرا کو قتل کیا، پھر 3 بیٹیوں 3 سالہ مصباح، 4 سالہ تسکین اور 10 دن کی گڑیا کو بھی موت کی نیند سلا دیا۔
واقعے پر علاقے میں سوگ کا سماں ہے، مقتولہ کی ماں بھی بیٹی کے بچھڑنے پر غم سے نڈھال ہے۔ جاں بحق ہونیوالی خاتون کے بھائی نے بتایا افضل نے 2 سال سے بہن سے ملنے نہیں دیا، چھوٹے موٹے جھگڑے تھے۔
بیوی اور بیٹیوں کو قتل کرنیوالے ملزم افضل کو پولیس نے گرفتار کرلیا، لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔













