وزیر اعظم عمران خان نے وزارتوں اور ڈویژنز کی پہلے 100 روزہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اب یہ جائزہ ہر 3 ماہ بعد لیا جائے گا۔
عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ میں ہونے والے اجلاس میں 10 وزارتوں اور ڈویژنز کے وزیروں اور سینئر حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیروں کی جانب سے مستقبل کے لیے منصوبے اور اسٹریٹجیز بھی پیش کی گئیں۔
سیکریٹریز کو اپنے ڈویژنز میں اپنی کارکردگی پر پریزنٹیشنز دینے کے لیے 10 منٹ دیے گئے تھے جس کے بعد سوال و جواب کا سیشن عمل میں آیا۔
اس بریفنگ کا اصل مقصد حکومت کے مختلف محکموں اور دفتروں میں وزیر اعظم کی ہدایت پر سادگی کو اپنانا تھا۔
اس سے قبل 26 وزارتوں کی کارکردگی پر نظر ثانی کے لیے اجلاس 11 دسمبر کو کیا گیا تھا۔
خصوصی اجلاس میں بقیہ 17 وزارتوں/ڈویژنز جو 11 دسمبر کے کابینہ کے اجلاس میں، اپنی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ نہیں دے پائی تھیں، پر نظر ثانی کی گئی۔













