امریکی حکومت کے شدید دباؤ کے بعد دنیا کے 7 بڑے معاشی ممالک کے گروپ ‘جی 7’ نے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکنے کے لیے اپنے ہنگامی ذخائر سے 10 کروڑ بیرل تیل اور ڈیزل جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فرانس کے صدر اور جی 7 کے موجودہ سربراہ ایمانوئل میکرون نے کہا کہ بین الاقوامی توانائی ایجنسی کی زیرِ نگرانی یہ ہنگامی ذخائر اگلے 4 ماہ کے دوران مارکیٹ میں جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جی 7 ممالک اس اقدام کے ذریعے عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں فوری کمی لانا چاہتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جی 7 کا یہ فیصلہ امریکی انتظامیہ کے اس اشارے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں امریکا نے دھمکی دی تھی کہ اگر یورپی ممالک اپنے ذخائر سے مزید سپلائی جاری نہیں کرتے تو امریکا ڈیزل کی برآمدات پر معاشی طور پر سخت پابندی عائد کر سکتا ہے۔
ایسی کسی بھی پابندی سے یورپ کے لیے شدید بحران پیدا ہو سکتا تھا کیونکہ یورپ اپنی ڈیزل کی پیداواری کمی کو پورا کرنے کے لیے امریکی برآمدات پر انحصار کرتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں جی 7 کے اس تازہ ترین اقدام کا خیر مقدم کیا۔
ٹرمپ نے لکھا کہ ’یورپ نے ابھی اپنے ڈیزل کے وسیع ذخائر کا ایک بڑا حصہ جاری کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ یہ عمل فوری طور پر شروع ہو جائے گا‘۔













