پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک یقینی ہے، پیپلز پارٹی کے فارورڈ بلاک میں 20 سے 26 ارکان جا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور گورنر سندھ کی ائیر پورٹ پر ملاقات ہوئی، فیصل واوڈا نے کہا کہ 20 سے 26 لوگوں کے فارورڈ بلاک کی اطلاعات ہیں۔
فیصل واوڈا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سندھ حکومت بچ بھی گئی تو نئے وزیرِ اعلیٰ کا نام بھی شاہ ہی ہوگا، جو لوگ وزیرِ اعلیٰ بن سکتے ہیں وہ شاہ ہیں اور میرے دوست ہیں۔
تحریکِ انصاف کے وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں، صدرِ مملکت عارف علوی کو بریفنگ دے دی، ان کے گھر پر اہم اجلاس ہو رہا ہے۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کا سندھ کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر ہنگامی اجلاس آج ہو رہا ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کا یہ اجلاس صدرِ پاکستان عارف علوی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا۔













