سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ 2026 کے فائنل میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان ملائیشیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ملائیشیا کے شہر جوہر بہرو میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسرے کوارٹر میں دو گول کی برتری حاصل کی تاہم میزبان ٹیم نے میچ میں واپسی کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔

میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی کوششیں کیں لیکن کوئی ٹیم کامیاب نہ ہوسکی اور پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔

دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے 19 ویں منٹ میں رانا ولید نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو ایک، صفر کی برتری دلائی جبکہ 23 ویں منٹ میں محمد عثمان نے گول کرکے برتری دو، صفر کردی۔

تاہم پاکستان کی دو گول کی برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 25 ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد آدم جوہری نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے خسارہ کم کردیا۔ ہاف ٹائم پر پاکستان کو دو، ایک کی برتری حاصل تھی۔

تیسرے کوارٹر میں ملائیشیا نے مقابلہ برابر کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا اور متعدد پنالٹی کارنرز حاصل کیے تاہم پاکستانی دفاع نے برتری برقرار رکھی۔

چوتھے کوارٹر میں ملائیشیا کو بالآخر کامیابی ملی جب 49 ویں منٹ میں دھیرش گناسیلن نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ دو، دو سے برابر کردیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY