انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے میئر کراچی وسیم اختر کے خلاف ڈاکٹر عاصم حسین کے ہسپتال میں دہشت گردوں کے علاج میں سہولت کاری کیس میں ضمانت منظور کرلی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں وسیم اختر کے خلاف دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس کے سلسلے میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
واضح رہے کہ وسیم اختر کے خلاف بانی متحدہ الطاف حسین کی نفرت انگیز تقاریر سننے، سہولت کاری، سانحہ 12 مئی اور دہشت گردوں کے علاج سمیت کُل 39 مقدمات کراچی کے مختلف تھانوں میں درج کرائے گئے تھے، تمام مقدمات میں ضمانت کے بعد وہ کراچی کی کمان تھامنے کے لیے تیار ہو گئے ہیں ۔
ایم کیو ایم نے وسیم اختر کے استقبال کے لیے تیاریاں مکمل کر لی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اختر رہا ہو کر شہدا قبرستان بھی جائیں گے ۔ میئر کراچی وسیم اختر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما ہیں، وہ 24 اگست 2016 کو کراچی کے میئر منتخب ہوئے، انہوں نے جیل سے آکر ووٹ ڈالا۔ دوسری جانب عدالت نے قادر پٹیل کی درخواست ضمانت بھی منظور کر لی ۔












