وفاقی جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر چاہتے ہیں کہ حکومت ٹیلی مواصلات کے ملکی شعبے میں مروجہ قوانین میں ترامیم کرے۔ زیہوفر کا ارادہ ہے کہ ان ترامیم کے ذریعے ان شرائط کو مزید سخت بنا دیا جائے گا، جو جرمنی میں فعال تمام غیر ملکی ٹیلیکوم اداروں پر لاگو ہوتی ہیں۔ جرمن اخبارات کے گروپ آر این ڈی نے وفاقی حکومت میں شامل جماعتوں کے ایک مشاورتی اجلاس کے شرکاء کے حوالے سے منگل کی شام بتایا کہ تمام غیر ملکی ٹیلیکوم کمپنیوں کے لیے آئندہ سکیورٹی سرٹیفیکیٹ لازمی ہونا چاہییں۔ اس کے علاوہ ان اداروں کو ایسے معاہدوں پر بھی دستخط کرنا ہوں گے کہ وہ جرمنی میں کسی بھی طرح کی جاسوسی نہیں کریں گے۔ اس اقدام کے ذریعے زیہوفر جرمنی مارکیٹ میں چین کی سب سے بڑی ٹیلیکوم کمپنی ہُواوے کی سرگرمیوں کی نگرانی بھی بہتر بنانا چاہتے ہیں۔












