نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں بابراعوان کی بریت کی درخواست پرفیصلہ آج سنایاجائےگا، گزشتہ سماعت پرعدالت نے فریقین کےدلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں بابر اعوان کے خلاف نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے متعلق ریفرنس پر سماعت ہوگی ، جس میں بابر اعوان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنایا جائے گا، کیس کا فیصلہ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک سنائیں گے۔
گزشتہ سماعت پرعدالت نےفریقین کےدلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
سماعت میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کہا تھا میں کچھ باتیں مزیدجانناچاہوں گا، یہ بات تو تسلیم شدہ ہے نندی پور منصوبے میں تاخیر ہوئی ، صرف یہ بات تسلیم شدہ نہیں کہ تاخیر وزارت قانون کی وجہ سے ہوئی، حکومتوں کا کام تو منصوبوں کو آگے بڑھاناہوتا ہے التوا میں ڈالنا نہیں۔
جج کا کہنا تھا کہ ایک سوال نیب سے بھی پوچھنا ہے، بابر اعوان کو بری کردیاجائے تو باقی ملزمان کے ساتھ کیا ہوگا؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا تھا بابراعوان کو بری کیاگیا تو باقی ملزمان بھی آڑلیں گے، سارے ملزمان بابر اعوان کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔












