صوبہ پنجاب کے نئے وزیر اطلاعات صمصام بخاری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، انہیں گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان کے مستعفی ہونے کے بعد صوبے کا نیا وزیر اطلاعات نامزد کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نئے وزیر اطلاعات صمصام بخاری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد کی گئی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نئے وزیر اطلاعات سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار و دیگر صوبائی حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔
ضلع اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے صمصام بخاری نے گورنمنٹ کالج لاہور سے انگریزی ادب میں ماسٹرز کیا ہے۔ انہوں نے سنہ 2002 سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا جب آزاد امیدوار کی حیثیت سے انہوں نے اپنا پہلا الیکشن لڑا لیکن شکست کھائی۔
سنہ 2008 میں انہوں نے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور فتحیاب ہونے کے بعد کچھ عرصہ کے لیے وزیر مملکت برائے اطلاعات بھی رہے۔
سنہ 2015 میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ سنہ 2018 کے عام انتخابات میں انہیں شکست سے دوچار ہونا پڑا تاہم ضمنی انتخابات کے لیے پارٹی نے دوبارہ انہیں ٹکٹ دیا، اس بار وہ الیکشن جیت کر رکن صوبائی اسمبلی بنے۔













