ہم نے اپنی بات اس موڑ پر آکر ختم کی تھی کہ اگر کوئی مسلمان صرف اپنی نیت تبدیل کرلے کہ میں مال کمانے کے بجائے یہاں اپنا ایک اسلامی اورمثالی کردار دنیا کے سامنے پیش کرنے آیا ہوں، جیسا کہ میرے نبی (ص)نے حکم دیا تھا کہ تم اس مقصد کے لیے ساری دنیا میں پھیل جاؤ اور اسلام کا پیغام پہنچاؤ؟ تو اس نے بے شک یہ نقل مکانی مال کمانے کے لیے کی ہو؟ مگر اس کو ثواب اسلامی ہجرت کاملے گا؟ اس کا کھانا پینا بیوی بچوں کو کماکر کھلانا چلنا پھر نا سب ثواب کا باعث ہو گا۔ اس لیے کہ ثواب کا انحصار ایک حدیث کے مطابق کسی فعل کے نتیجے پر ہوتا۔ مثال کے طور پر کسی شخص نے ایک گڑھا بری نیت سے کھودااوراس پر گھاس وغیرہ ڈال کر اسے چھپا دیاکہ میرا دشمن جب ادھر سے گزرے گا تو اس میں گر کر مرجا ئے گا یا زخمی ہو جا ئے گا۔ لیکن اس کو بعد میں اللہ نے ہدایت دیدی کہ یہ تو گناہ کبیرہ ہے کسی بے گناہ کی جان لینا اور اس کی سزا جہنم ہے؟پھر اس نے اس غلط کام سے توبہ کرلی، اور سوچا کہ گڑھا تو کھود ہی لیا ہے اس کو کیوں نہ کنوئیں میں تبدیل کر دیا جا ئے تو یہ صدقہ جاریہ بن جا ئے گا۔ تب وہی گڑھا کھود نے والا ثواب کا اس وقت تک مستحق ہو گا جب تک اس کا یہ فعل انسانیت کو فائدہ پہنچا تا رہے گا ۔یہ ہی صورت حال یہاں بھی پیدا ہوگی کہ نیت بدلتے ہی اللہ کے لیے ہجرت کرنے کے ثواب کا وہ مستحق ہو جائے گا۔اس کے علاوہ مفت میں اپنی او لا د کو اپنا کردار بدلنے کے باعث جہنم کے گڑھے میں گرنے سے بھی بچا لے گا؟ کیونکہ اس طرح اس کی اولاد کو خود بخود اچھا ماحول فراہم ہو جا ئے گا؟ مزید یہ کہ وہ دین میں والدین کے مقام سے بھی واقف ہو جا ئے گی۔ کیونکہ وہ اوروں کو جب یہ بتا ئے گا کہ اللہ نے قر آن میں اپنے والدین کے حقوق ادا کرنے کا حکم دیا ہے اور وہ کیا کیا ہیں تو وہ اس کی اولاد کے کانو ں میں بھی پڑیں گے۔ اس کے برعکس اگر وہ صاحب خود ہی شرماگئے کہ میں بھی کیا دقیانوسی باتیں اس ماحول میں کر رہا ہوں لوگ مجھ پر ہنسیں گے؟ تو وہ صاحب بعد میں رو ئیں گے اور آنے والی جتنی نسلوں کی گمراہی ان کے باعث ہوگی ان کے گناہ بھی ا ن کے کھاتے میں قیامت تک لکھے جا تے رہیں گے؟ اب یہ ان صاحب پر منحصر ہے کہ وہ اپنے اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے جنت بنا نا چاہتے ہیں یا جہنم اگر مسلمان ہیں تو وہ یقینی طور پر جنت چاہیں گے؟ اگر نہیں ہیں تو دوسری بات ہے؟ جو چاہیں کر یں نہ کوئی سمجھا سکتا ہے اورنہ راستہ دکھا سکتا ہے؟ کیونکہ قرآن کے مطابق پھرا نسان پر حیوانیت غالب آجاتی ہے۔ اور وہ اپنے ہمسایوں سے لیکر پوری انسانیت کے لیے خطر ہ بن جا تا ہے۔ اس کا تدارک ہو سکتا ہے تو شیر خوارگی سے بھی پہلے شروع ہوکر چھ سات کی عمر تک ہوسکتا ہے اس کے بعد آج کی دنیامیں کچھ بھی ممکن نہیں ہے کیونکہ اسی دوران والدین اولاد کی تربیت کرلیں تو کرلیں اس عمر کے بعدوہ پیر پریشر کے سامنے نہیں ٹھہر سکیں گے۔ حالانکہ دیکھنے میں یہ عمر چھوٹی ہے۔ مگر یہ ہی وہ عمر ہے جس میں ماں باپ کی نقل بچے کرتے ہیں ۔ اس کے بعد وہ والدین کے بجا ئے اپنے ہم چشموں کی نقل کرنے لگتے ہیں۔ انہیں مسجدوں میں ساتھ لے جایئے، دوسری مذہبی تقریبات میں ساتھ لے جا ئیے، جنازوں میں لے جایئے ، قبرستان میں لے جا ئے ، عیادت کے لیئے لے جائیے۔ کیونکہ یہ سب وہ افعال ہیں جن کو حضور (ص) نے کبھی ترک نہیں کیا اورا للہ والوں کی محفل میں ایک ساعت بیٹھنا ایک بزرگ نے ہزار برس کی عبادت سے بہتر کہا ہے۔ باقی آئندہ













