کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے چار اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی اہلکار گاڑیوں میں میاں غنڈی کے علاقے سے گزر رہے تھے کہ سڑک کے کنارے کھڑی موٹرسائیکل میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ چار اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں 4 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے، دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔












