اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سیکیورٹی صورتحال پر پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ کی حکومتی دعوت مسترد کرتے ہوئے وزیر خارجہ کو جوابی خط میں پورے ایوان کو بریفنگ کی تجویز دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سپیکر قومی اسمبلی کو لکھے گئے خطوط میں ملکی سلامتی اور نیشنل ایکشن پلان پر پارلیمانی رہنماؤں کے بجائے پورے ایوان کو بریفنگ دینے کی تجویز دیدی ہے۔

شہباز شریف نے وزیر خارجہ کو لکھے گئے خط میں کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ن لیگ حکومت کی کوششوں کا نتیجہ ہے، اس کا مقصد سیاسی قیادت کو اکٹھا کرنا اور دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑنا تھا۔

اپوزیشن لیڈر نے لکھا کہ متحدہ اپوزیشن قومی مفاد میں مشترکہ فیصلہ سازی پر یقین رکھتی ہے۔ اس معاملے پر پارلیمانی رہنماؤں کی بجائے پورے ایوان کو بریفنگ دی جائے۔ پارلیمنٹ میں معاملہ آنے سے پارلیمٹرینز کی اجتماعی سوچ سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کیلئے صوبہ سندھ اور بلوچستان سے ارکان کیلئے ناموں پر مشاورت نہیں کی جو آئین کی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت کے بغیر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلانا خلاف آئین ہوگا۔

SHARE

LEAVE A REPLY