ہندو لڑکیوں کے مبینہ اغوا، جبری مذہب تبدیلی پر وزیراعظم کا نوٹس

0
910

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ہندو لڑکیوں کے مبینہ اغوا کے بعد جبری طور پر مذہب کی تبدیلی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ اور پنجاب کے حکام کو تحقیقات کرنے اور لڑکیوں کو فوری بازیاب کرانے کی ہدایت کی ہے۔

سندھ کے شہر گھوٹکی میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی دو کم سن لڑکیوں کے والد کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو اغوا کے بعد زبردستی مسلمان کیا گیا اور پھر اُن کا نکاح مسلمانوں سے کرایا گیا۔

لڑکیوں کے والد اور بھائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جن میں اُن کا کہنا ہے کہ دونوں بہنوں کا مذہب زبردستی تبدیل کروایا گیا ہے جبکہ ایک دوسری ویڈیو میں دونوں لڑکیاں کہہ رہی ہیں کہ انھوں نے اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کیا ہے۔

لڑکیوں کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انھیں گھوٹکی سے پنجاب کے شہر رحیم یار خان منتقل کیا گیا ہے۔

آج صبح وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلی! کو یہ ہدائیت جاری کی ہے کہ سندہ سے اغوا ہونیوالی دو نو عمر ہندو لڑکیوں کے بارے میں ایسی اطلاعات ہیں کہ انھیں رحیم یار خان منتقل کیا گیا ہے، اس معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور اگر ایسا ہے تو بچیوں کو بازیاب کرایا جائے،

وزیر اعظم نے سندہ اور پنجاب حکومت کو یہ بھی ہدائیت کی ہے کہ اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں اور سندہ حکومت ایسے واقعات کے تدارک کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، پاکستان میں اقلیتیں ہمارے جھنڈے کا سفید رنگ ہیں اور ہمیں اپنے تمام رنگ عزیز ہیں اور اپنے پرچم کی حفاظت ہمارا فرض ہے

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کی ہے کہ وزیراعظم عمران حان نے ہندو لڑکیوں کو مبینہ طور پر گھوٹکی سے رحیم یار خان منتقل کرنے کی اطلاعات پر پنجاب اور سندھ کے حکام کو تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم نے اقلیتوں کے تحفظ کے لیے سندھ اور پنجاب کی حکومت کو مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے مبینہ طور پر ہندو لڑکیوں کی جبری مذہب کی تبدیلی پر کہا ہے کہ انھوں نے پاکستان میں موجود بھارتی ہائی کمشنر سے اس معاملے پر رپورٹ طلب کی ہے۔

جس کے جواب میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے انھیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ مودی کا انڈیا نہیں، یہ عمران خان کا نیا پاکستان ہے جہاں ہمیں اپنی اقلتیں بہت پیاری ہیں۔‘

گذشتہ روز ہندؤ لڑکیوں کے والد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سماجی کارکن جبران ناصر نے بھی اس معاملے پر آواز اٹھائی تھی۔

جبران نے ٹویٹ کی تھی کہ مقامی پولیس اسٹیشن میں اغوا اور مذہب تبدیل کرنے کی ایف آئی ار درج ہوئی ہے اور مبینہ طور پر اغوا ہونے والی ہندو لڑکیوں کی عمر 14 اور 16 سال ہے۔

یاد رہے کہ سندھ میں شادی کی کم سے کم عمر 18 سال ہے اور اس حوالے سے قانون سازی بھی کی گئی ہے۔

پاکستان میں ہندو برادری کی اکثریت سندھ میں مقیم ہے اور وہاں اس سے پہلے کئی مرتبہ ہندو لڑکیوں کے اغوا اور جبری مذہب تبدیلی کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY