پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج اپنا مذہبی تہوار ایسٹر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ تمام مسیحی برادری کو اس خوشی کے تہوار کی روایتی مسرتیں مبارک ہوں۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ دن نہ صرف مسیحی برادری بلکہ پورے ملک اور دنیا کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو ایسٹر کے تہوار کی مبارکباد پیش کی ہے۔ بلاول ہائوس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ایسٹر کا پیغام ہمیں سکھاتا ہے کہ ایمان، ہمدردی اور قربانی کی قوت گہرے سے گہرے زخموں کو بھی مندمل کر کے روشن صبح کی نوید بن سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا نظریہ مساوات، مذہبی ہم آہنگی اور تمام مذاہب کے احترام پر مبنی ہے اور یہ وہ اصول ہیں جو 1973 کے آئین میں محفوظ ہیں جو ہر شہری کو بلا امتیاز بنیادی حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی مسیحی برادری کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، عوامی خدمت اور دفاع سمیت قومی ترقی میں ان کا نمایاں کردار قابلِ فخر ہے۔











