برطانیہ میں سکاٹ لینڈ کی حکومتی سربراہ نکولا سٹرجن نے بریگزٹ کے بعد سکاٹ لینڈ کی آزادی کے موضوع پر ایک نئے ریفرنڈم کا مطالبہ کر دیا ہے۔ سٹرجن نے بدھ کے روز ایڈنبرا میں سکاٹش پارلیمان کے ارکان سے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ ان کی حکومت جلد ہی پارلیمنٹ میں ایک قانونی مسودہ پیش کر دے گی، جو لندن کے یورپی یونین سے اخراج کی صورت میں سن دو ہزار اکیس تک آزادی کے ایک نئے ریفرنڈم کے انعقاد سے متعلق ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایڈنبرا کی پارلیمان اس سال کے آخر تک اس مسودے کی منظوری دے دے گی۔ دو ہزار چودہ میں سکاٹش عوام نے ایسے ہی پہلے ریفرنڈم میں پینتالیس فیصد کے مقابلے میں پچپن فیصد کی اکثریت سے برطانیہ سے ممکنہ آزادی کی مخالفت کر دی تھی۔












