چڑیا کو اب یقین ہے اپنی اڑان کا
اک شوق ہے عجیب کُھلے آسمان کا
اے پیکر خیال نہ ہو یوں انا پرست
اک ثانیے کا فاصلہ تیرو کمان کا
پاسِ وفا کا لفظ نہ ہو جس زبان میں
کیا فائدہ ہے گوشت کی ایسی زبان کا
الزام مجھ کو دینے سے پہلے یہ سوچنا
کس کو یقین آئے گا تیرے بیان کا
تیرے بغیر ڈھیر ہے مٹی کا یہ مکاں
کیا فائدہ بغیر ترے اس مکان کا
کرنا پڑے گا اپنے سے آخر کو یہ سوال
اس دل میں کیوں ہے درد مرے سب جہان کا
اوقات اپنی دیکھ لے پہچان لے کہ اب
صفدر یہی ہے وقت ترے امتحان کا
صفدر ھمدانی













