وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بھی آخر کار وزیروں مشیروں نے اسی لائن پر لگا دیا جس پر ان سے پہلے لگے ڈرامے کرتے رہے۔ لاہور میں قہر کی بارش نے انتظامیہ کی بے عملی اور بے حسی کی قلعی کھول کے رکھ دی لیکن بزدار کامیاب فوٹو سیشن میں مصروف رہے اور چند پہلے سے منتخب عورتوں کو اپنی گاڑی میں بٹھا کر نہ جانے کہاں چھوڑنے کی وڈیو اور تصاویر کامیابی سے ریلیز کر کے عوام سے انتظامیہ کی محبت کا مظاہرہ دکھایا گیا
عقل کے اندھے حاکم بھول جاتے ہیں کہ عوام بے وقوف ضرور ہیں مگر اتنے بھی نہیں کہ ان ڈراموں کو سچ جان لیں۔ کیا سیکیورٹی ایسے ناآشنا لوگوں کو وزیر اعلی کی گاڑی میں بٹھانے کا رسک لے سکتی ہے
ان سے پہلے شہباز شریف بھی لمبے بوٹ پہن کر نکل آتے تھے لیکن ایسے ڈراموں سے عوام کو کیا فائدہ ہوتا ہے
خبر تو بس خبر ہوتی ہے جو اگلے چند گھنٹوں کو اخبار کے صفحے سے غائب ہو جاتی ہے
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود گاڑی ڈرائیو کی۔ وہ شملہ پہاڑی، بوہڑ والا چوک، مال روڈ، منٹگمری روڈ، لکشمی چوک، جی پی او چوک اور دیگر علاقوں میں پہنچے اور شدید بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اور بچوں کو اپنی گاڑی میں بٹھایا اور انہیں ان کے متعلقہ مقام پر پہنچایا۔ وزیراعلیٰ نے نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے نکاسی آب کا کام مکمل کیا جائے۔
وزیراعلی پنجاب کا لاہور شہر میں موسلا دھار بارش کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ.وزیراعلی نے خودگاڑی چلاکرشہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا؛بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اور بچوں کو اپنی گاڑی میں لفٹ دی
لاہور کوپیرس بنانے کا دعوی کرنے والوں نے نکاسی آب کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نکاسی آب کے لئے تمام تر وسائل اور مشینری بروئے کار لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور واسا حکام کو پانی کے نکاس کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ہدایات جاری کی کہ انتظامی افسران اور واسا حکام نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں خود موجود رہیں جبکہ بارش کے دوران سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس مستعدی سے کام کرے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے شہر میں پانی کے نکاس کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔ شہر میں سفید ہاتھی نما منصوبہ بنانے والوں نے نکاسی آب کا بنیادی انتظام نہیں کیا۔
انہوں نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ مشکلات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔ میں عوام سے ہوں اور عوام کی مشکلات کے جلد ازالے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کر دیا ہے۔
صفدر ھمدانی













