موسم بدلتے ہی ادھر کے پرندے ادھر اور ادھر کے ادھر کا رخ کرتے ہیں آنکھوں نے یہ مناظر بارہا دیکھے اور ابھی نہ جانے کب تک دیکھنے کو ملتے رہیں گے شائید تب تک جب تک ہماری سیاست بالغ نہیں ہو جاتی یا شائید تب تک جب تک ہماری سیاسی جماعتوں میں جمہوریت صحیح معنوں میں جڑ نہیں پکڑ لیتی اسے بد نصیبی کہہ لیں کہ پیارے وطن میں سوائے جماعت اسلامی کے کسی بھی جماعت میں صحیح معنوں میں جماعتی انتخابات کبھی نہ ہوئے اس لئے یہ جماعتیں سیاسی جماعتیں کم اور پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں زیادہ دکھائی دیتی ہیں کہ جن پر ایک ہی خاندان کی اجارہ داری ہے اسی خاندان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور اسی کے تمام ڈائریکٹرز ، بڑے سے چھوٹے تک تمام اپنے بلکہ کئی خوش نصیب تو پالنے میں فیڈر پیتے پیتے بھی ڈائریکٹر بن جاتے ہیں باقی رہے کارکنان تو ان کا کام ہے ساری زندگی جلسہ گاہ میں کرسیاں ، دریاں بچھانا اور نعرے لگانا زندہ ہے زندہ ہے اور تیرے جانثار بے شمار بے شمار وغیرہ وغیرہ –
ان پرائیویٹ لمیٹڈ پارٹیوں کے چیف ایگزیکٹو، ڈائریکٹرز اور دوسرے تیسرے درجے کی قیادت اگر اقتدار میں ہو تو چوتھے اور پانچویں درجے کی قیادت سے اتنی ہی دور رہتی ہے جتنا عام عوام سے چاند ، کہ یہ خواص تو اکثر اوقات ہوائی سفر کے ذریعے اپنا اور چاند کا فاصلہ کم کرنے کی اہلیت اور صلاحیت رکھتے ہیں مگر عام عوام زمین سے ہی ناک پر انگلی رکھ کر چندا ماموں چندا ماموں کرنے پر مجبور ہیں خواص اور عوام میں یہ دوریاں کبھی سیکیورٹی کے نام پر اور کبھی پروٹوکول کے نام پر برقرار رکھی جاتی ہیں جہاں تک تعلق ہے چوتھے اور پانچویں درجے کی قیادت کا تو اسے بہ امر مجبوری عوام کے درمیان رہنا ہوتا ہے کہ تیسرے اور دوسرے درجے کی قیادت کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹرز اور چیف ایگزیکٹو کے لئے ووٹ مانگنا ، جلسوں اور جلوسوں کے لئے بندوں اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنا ان کی ذمہ داری ہوتی ہے شاباشی کے طور پر کبھی کبھار دوسرے اور تیسرے درجے کی قیادت ان کے ساتھ ہاتھ ملا لیتی ہے ہاں جب موڈ بہت اچھا ہو تو ایک آدھ سیلفی بھی ہو جاتی ہے –
آج کل بہت شور و غوغا ہے مسلم لیگ ن کے اراکین قومی و پنجاب اسمبلی کے وفاداریاں تبدیل کر کے حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے پہلو میں جا بیٹھنے کا، مگر جہاں ایک طرف کچھ اراکین کی طرف سے ملاقاتوں کی تائید ہو رہی ہے وہیں تردید کے بیانات بھی سامنے آ رہے ہیں تائید ہو یا تردید یہ روایت بالکل بھی اچھی نہیں ہے کہ آپ سروں پر بوجھ تو اٹھائے پھرتے ہوں ایک جماعت کے ووٹوں کا مگر جب آپ کی اپنی جماعت کو آپ کی اشد ضرورت ہو تو آپ صرف اور صرف اپنے ذاتی مفاد کے لئے مخالف جماعت کی گود میں جا بیٹھیں اصول اور اخلاق تو یہ تقاضا کرتا ہے کہ پہلو بدلنے سے قبل آپ حاصل شدہ مینڈیٹ کا بوجھ اتار پھینکیں اور ہلکے پھلکے ہو کر جس طرف جی چاہے کوچ کر جائیں مگر ہمارے ہاں کی سیاست میں اصول اور اخلاقیات کا عمل دخل کہاں؟ کہ اپوزیشن اور حکومت دونوں ایک ہی رنگ میں رنگی ملیں گی کل تک اپوزیشن میں رہتے ہوئے جو آپ کے لئے برا تھا آج حکومت میں ہوتے ہوئے وہ اچھا ہے اور جو آج آپ کے لئے اچھا ہے کل جب آپ اپوزیشن میں ہوں تو برا ہو جائے گا-
ہر جماعت دعوی تو یہی کرتی ہے کہ آج دغا کرنے والوں سے آئیندہ کبھی وفا کی امید نہیں رکھی جائے گی اور مخالفت صفوں میں جانے والوں کو آئیندہ اپنی صفوں کسی صورت شامل نہیں کیا جائے گا مگر مشاہدہ کچھ اور ہی کہانی سامنے لاتا ہے کہ جنہیں صفوں میں شامل نہ کرنے کے ببانگ دہل اعلانات ہوتے ہیں چند سال بعد وہ نہ صرف صفوں میں شامل ہوتے ہیں بلکہ ہراول دستے کے شہہ سواروں کا کردار بھی انہیں کو سونپ دیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ جماعت سے وابستگی کو ترک کرنا اور کچھ ہی عرصے بعد دوبارہ لوٹ آنا بلکہ پہلے سے بہتر پوزیشن میں واپس آ جانا بالکل بھی معیوب نہیں سمجھا جاتا معیوب تو رہی دور کی بات یہاں تو ہر چھوڑی ہوئی جماعت میں کیڑے نکالے جاتے ہیں اور شامل ہونے والی جماعت کے یوں گن گائے جاتے ہیں کہ سننے والا شرمسار ہو جاتا ہے مگر پارٹیاں تبدیل کرنے والے یہ سائبیرین پرندے اپنی مخالفت میں اٹھنے والی ہر آواز کو اپنی ٹیں ٹیں میں دبانے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں اور بدلتے موسم میں اپنا آپ بدلنے کو نظریہ کا نام دیتے ہیں جو سوائے نظریہ ضرورت کے اور کچھ نہیں ہوتا –
یہی نظریہ ضرورت ووٹر کے ہاں بھی بدرجہ اتم پایا جاتا ہے کہ گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والے زیادہ تر ممبران اسمبلی کا تعلق دیہی علاقہ جات سے ہوتا ہے جہاں دھڑے بندی اور کھڑپینچی کی سیاست فروغ پا چکی ہے اور ان تمام دھڑوں اور کھڑپینچوں کے بھی اپنے اپنے مفادات انہیں ایک ہی شخصیت سے جوڑے رکھتے ہیں وہ سیاسی شخصیت جو بھی رنگ اختیار کرے یہ دھڑے اور کھڑپینچ بھی اپنے آپ کو اسی رنگ میں رنگ لیتے ہیں اسی وجہ سے وطن عزیز میں میرٹ فروغ نہیں پا سکا کہ ووٹ بنک رکھنے والے دھڑے اور کھڑپینچ جب ووٹ دیتے یا دلاتے ہیں تو پھر ہر معاملے میں میرٹ کی دھجیاں بھی سرعام اڑائی جاتی ہیں-
ان تمام معاملات بد کی اصلاح تبھی ممکن ہے جب جمہوریت کی علمبردار تمام ملکی سیاسی جماعتیں اپنے آپ کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیز کے خول سے باہر نکالیں اور اپنی اپنی جماعت میں اوپر سے نیچے اسی طرح صاف اور شفاف انتخابات کروائیں جس کا تقاضا وہ ملکی صوبائی اور بلدیاتی انتخابات میں کرتی ہیں اگر ہر جماعت میں چار یا پانچ سال بعد مرکز سے یونین کونسل کی سطح کے صاف اور شفاف انتخابات ہونے شروع ہو جائیں تو یقین جانیں کہ صرف آٹھ سے دس سال کے اندر ملک میں وہ سیاسی رویہ فروغ پا جائے گا کہ سیاست جماعتیں ایسے مضبوط اداروں کا روپ اختیار کر لیں گی جنہیں توڑنا یا مشکل وقت میں چھوڑنا کسی کے لئے بھی ممکن نہیں رہے گا اس سے نہ صرف جمہوری رویہ فروغ پائے گا بلکہ ہر چار پانچ سال بعد عوامی احتساب کا ایک ایسا عمل بھی شروع ہو جائے گا جس کی چھلنی میں سے چھن کر ایسی قیادت سامنے آئے گی جس پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکے گا اگر سیاسی جماعتوں نے اس جانب توجہ نہ دی تو آج ایک کل دوسری پرسوں تیسری جماعت سے سائبیرین پرندوں کی اڑانوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور جمہوریت کبھی بھی پھل پھول نہ سکے گی …!













