افغان دارالحکومت میں انتخابی امیدوار امرللہ صالح کے دفتر کے باہر دھماکا ہوا جس میں خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان وزارت داخلہ نصرت رحیمی کے مطابق دھماکے کے بعد امرللہ صالح کے دفتر کے اندر دو مسلح حملہ آور داخل ہو گئے جن میں سے ایک کو فورسز نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
واقعہ میں پچیس افراد زخمی بھی ہوئے جن میں نائب صدارتی امیدوار امرللہ صالح بھی شامل ہیں۔
پاکستان نے کابل میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں جمہوری عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ۔ پاکستان افغانستان میں امن کے لیے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
خیال رہے کہ ہمسایہ ملک افغانستان میں صدارتی الیکشن کی انتخابی مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ موجودہ صدر اشرف غنی سمیت اٹھارہ امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔
صدارتی امیدواروں نے مختلف علاقوں کے دورے اور ووٹرز سے ملاقاتوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ اٹھائیس ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کی الیکشن مہم کا آخری دن پچیس ستمبر کو ہوگا۔
صدارتی انتخابات کی دوڑ میں موجودہ صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سمیت اٹھارہ امیدوار شامل ہیں۔












