نیب نے اسحٰق ڈار کے ضبط شدہ 50 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کروادیے

0
582

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے منجد بینک اکاؤنٹ سے 50 کروڑ روپے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروادیے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر جو کہ مفرور ہیں کے خلاف نیب نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز بھی کردیا۔

اس ضمن میں ایک عہدیدار نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ رقم اسحٰق ڈار کے مخلتف اکاؤنٹس سے برآمد کی گئی تھی جنہیں منگل کے روز قومی خزانے میں جمع کروادیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بیورو کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے سابق وزیر خزانہ کے منی لانڈرنگ کے حوالے سے باوثوق شواہد موصول ہوچکے ہیں چنانچہ نیب نے اس کے خلاف باقاعدہ تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

اس سے قبل ہفتے کے روز لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے آمدنی سے زائد اثاثوں کے حوالے سے بدعنوانی کے ریفرنس کا سامنا کرنے والے اسحٰق ڈار کے گلبرگ کے علاقے میں موجود 5 کنال کے بنگلے کا انتظام سنبھال لیا تھا۔

چونکہ وہ کرپشن ریفرنس میں مفرور ہیں لہٰذا اسحٰق ڈار کے تمام منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں بشمول لاہور کی الفلاح ہاؤسنگ سوسائٹی میں 3 پلاٹس، اسلام آباد میں 6 ایکڑ زمین، پارلیمنٹیرین انکلیو میں 2 کنال کا پلاٹ، سینیٹ کووآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کا ایک پلاٹ، اسلام آباد میں ایک 2 کنال اور 9 مرلہ کے پلاٹ اور 6 گاڑیوں کو نیب کے درخواست ہر منسلک کردیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اسحٰق ڈار کو 2017 میں احتساب عدالت نے اس وقت مفرور قرار دے دیا تھا جب وہ علاج معالجے کے سلسلے میں لندن میں ہونے کے باعث سماعت میں پیش نہیں ہوسکے تھے اور اس وقت سے اب تک وہیں موجود ہیں۔

دوسری جانب نیب ٹیم نے حمزہ اور سلمان شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدنی سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کیولری گراؤنڈ اور گلبرگ دفاتر پر چھاپہ مارا۔

اطلاعات کے مطابق نیب نے دونوں چھاپوں کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کے صدر کے دفاتر سے شواہد اکٹھے کیے ہیں۔

مزید یہ کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو بھی منی لانڈرنگ اور چوہدری شوگر ملز سے تعلق کے حوالے سے بدھ کے روز (آج) نیب لاہور میں پیش ہونا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY