یوم آزادی کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم اپنے آباؤ اجداد اور تحریک پاکستان کے اُن لا تعداد گمنام ہیروز کی بے پناہ قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے جنوبی ایشیا میں کروڑوں مسلمانوں کیلئے ایک آزاد مملکت کیلئے انتھنک جدوجہد کی جہاں وہ اپنے عقائد اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک بھر کے عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان علامہ محمد اقبال کے تصور کے عین مطابق 14 اگست 1947 کو قائداعظم محمد علی جناح کی غیر متزلزل اور ثابت قدم قیادت اور ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر ابھرا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بانیوں کی بے لوث اور مسلسل جدوجہد کی بدولت پاکستان ان کٹھن مشکلات سے نبرد آزما ہوا جن کا اسے ابتدائی مرحلے میں سامنا تھا، گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان آج ایک دوراہے پر کھڑا ہے، ہماری معیشت کو افراط زر، توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، بے روزگاری اور قرضوں کے بوجھ کی شکل میں متعدد مشکلات کا سامنا ہے، ہماری مسلسل توجہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور معاشی استحکام پر مرکوز ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قدرتی آفات اور معاشی و سماجی مشکلات کے ذریعے پاکستانی قوم کی ہمت اور استقامت کا امتحان لیا گیا ہے، اس کے باوجود پاکستان کی غیور و بہادر قوم کے عزم اور اتحاد کا جذبہ ہمیشہ غالب رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یوم آزادی کے اس موقع پر میں اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو ہماری سرحدوں اور خودمختاری کی حفاظت کرتے ہیں۔ افواج پاکستان کی لازوال قربانیاں، فرض کی ادائیگی کیلئے سچی لگن اور وطن کی حفاظت کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ انتہائی احترام اور تعریف کے مستحق ہیں۔













