وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں نے کہاہےکہ مسلم لیگ ن پنجاب میں قومی و صوبائی اسمبلی 434 نشستوں پر امیدوار میدان میں اتارے گی ،پارٹی کے سابق ارکان اسمبلی اور متحرک ورکرز پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا البتہ جہاں ضرورت محسوس کرینگے وہاں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے،مسلم لیگ ن کی حکومت نے 2013ءمیں الیکشن جیتنے کے بعد لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا لیکن ایک سازش کے تحت نواز شریف کو انتخابی عمل سے باہر کرکے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاگیا ۔
ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ مسلم لیگ ن آج باقاعدہ انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کرنے جارہی ہے اس ضمن میں پنجاب کا تنظیمی اجلاس طلب کیاگیاہے مسلم لیگ ن پنجاب میں بھرپور انداز میں انتخابی عمل کو آگے لیکر چلے گی قومی و صوبائی اسمبلی 434 حلقوں میں امیدوار میدان میں اتریں گےپنجاب میں قومی اسمبلی کے 146 جبکہ صوبائی اسمبلی 297 حلقوں میں امیدوار کھڑے کرینگے ہر حلقے میں مسلم لیگ ن کے امیدوار شیر کے نشان پر انتخابات میں حصہ لیں گے
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے تخلیق سے استحکام پاکستان کا سفر بھی اسی جماعت نے نواز شریف کی قیادت میں طے کیا مسلم لیگ ن نے ملک ایٹمی طاقت بنایا اور ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا مسلم لیگ ن نے ہر بحران سے پاکستان کو نکالا ہے











