نائن الیون کے بعد امریکا کا اتحادی بننا پاکستان کی سب سے بڑی غلطی تھی، وزیراعظم

0
655

وزیراعظم عمران خان نے نائن الیون کے بعد امریکا کا اتحادی بننا پاکستان کی سب سے بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ میں 70 ہزار پاکستانی جاں بحق ہوئے اور 200 ارب کا معیشت کو نقصان ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے کونسل آن فارن ریلیشنز میں گفتگو کے دوران پاکستان کی معیشت پر ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ‘معیشت میں جب خسارہ ہوتو کامیابی حاصل نہیں کرسکتے اسی لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا اور ہمیں بدقسمتی سے بدترین کرنٹ اکاؤنت خسارہ ملا لیکن ہم نے تقریباً 70 فیصد خسارہ کم کیا ہے اور ہم صحیح سمت کی جانب گامزن ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘جب ہم حکومت میں آئے تو بدترین معاشی صورت حال تھی اور چین نے ہماری مدد کی اگر چین سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات مدد نہ کرتے تو ہم دیوالیہ کی طرف جارہے تھے’۔

وزیراعظم نے کہا کہ ‘اس وقت چین ہمیں تجارتی مواقع فراہم کررہا ہے اور چینی صنعت کو پاکستان منتقل کرنے کا اچھا موقع ہے’۔

افغانستان میں امریکی جنگ میں پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘افغانستان میں پہلے جہادی پیدا کیے گئے اور پھر ان کو دہشت گرد قرار دیا جارہا ہے’۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘نائن الیون کے بعد امریکا کے ساتھ شامل ہونا پاکستان کی سب سے بڑی غلطی تھی کیونکہ اس کی وجہ سے 70 ہزار پاکستانی جاں بحق ہوئے، بعض پاکستانی ماہرین معیشت کہتے ہیں کہ 150 ارب سے زائد اور بعض کہتے ہیں 200 ارب سے زیادہ معیشت کو نقصان ہوا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے خیال میں پاکستان کے لیے یہ بدترین وقت اور اب سبق مل گیا اور پاکستان کو پتہ ہے، اور جب میٹس کہتا ہے کہ پاکستان انتہاپسند ریاست ہے تو اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم نے پہلے جہادی پیدا کیے اور بعد میں ان کو مارنا شروع کیا اسی لیے ہم مشکلات کا شکار ہوئے’۔

SHARE

LEAVE A REPLY