حلب سے باغیوں کے انخلا کا ‘معاہدہ’ طے پا گیا

0
843

شام کی حکومت اور حلب میں لڑنے والے باغیوں نے ایک معاہدہ پر اتفاق کیا ہے کہ جس کے تحت جنگ سے تباہ حال اس شہر سے حزب مخالف کے جنجگووں اور ہزاروں شہریوں کا انخلا ہو سکے گا۔

یہ معاہدہ ترکی اور روس کی کوششوں سے طے پایا جس کا اعلان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے قبل کیا گیا جب کہ منگل کو ہی اقوام متحدہ نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے حامیوں نے باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں درجنوں شہریوں کو ہلاک کیا ہے۔

اس معاہدے کی تفصیلات منگل دیر تک پوری طرح واضح نہیں تھیں اور یہاں سے منتقل ہونے والے شہریوں کے لیے متبادل مقام اور باغیوں کو دی جانے والی حکومت رعایت کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں ہو سکیں۔

اقوام متحدہ کے لیے روس کے سفیر ویتالی چرکن کا کہنا ہے کہ یہاں سے نکلنے والے اکثر باغی جنگجو ادلب منتقل ہوں گے جو کہ حلب سے 60 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ایک لاکھ 65 ہزار آبادی والا شہر ہے۔

چرکن نے اس معاہدے کو حلب کے لیے ایک “بہت مشکل باب” کا خاتمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کو امید ہے کہ “سیاسی مذاکرات کے دوبارہ آغاز” کی راہ ہموار کرے گا۔

ادھر شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفان ڈی مستورا نے مشرقی حلب میں صورتحال کو “تشویشناک” قرار دیتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ فوری طور پر اقوام متحدہ کو مشرقی حلب تک رسائی دی جائے جو معاہدے کی پاسداری اور شہریوں کے انخلا کا جائزہ لے۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے 15 رکنی سلامتی کونسل کو بتایا کہ عالمی ادارہ حتمی معاہدے کے نفاذ میں تعاون کے لیے تیار ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY