افغانستان میں رواں سال 26 اور 27 فروری کی درمیانی شب دہشتگردوں کےخلاف آپریشن غضب للحق شروع ہونے کےبعد خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں 65 فیصد کمی آگئی۔
سرکاری دستاویز کے مطابق رواں سال آپریشن غضب للحق سے پہلےکے پی میں دہشتگردی کے 240 واقعات ہوئے جب کہ آپریشن کے بعد صوبے میں اب تک دہشتگردی کے 80 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں اور دہشتگردی کے واقعات میں65 فیصد کمی آئی ہے۔
سرکاری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن سے پہلے رواں سال کےنویں ہفتے دہشتگردی کے سب سے زیادہ 48 واقعات رپورٹ ہوئے جو آپریشن کےبعد رواں سال کے بارہویں ہفتے میں کم ہوکر12 رہ گئے۔
دستاویز کے مطابق رواں سال کے دسویں ہفتے دہشتگردی کے 42 اور گیارہویں ہفتے 29 واقعات رپورٹ ہوئے جب کہ صوبے میں رواں سال مجموعی طور پر دہشتگردی کے 323 واقعات رپورٹ ہوئے۔













