بھارتی حکومت نے اپنے زير انتظام کشمیر میں زیادہ تر موبائل فون رابطوں کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومتی ترجمان روہت کنسال نے ہفتے کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے بعد موبائل فون سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتايا کہ تمام موبائل فون سروسز پیر سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر سے بحال کر دی جائیں گی۔ کنسال نے صحافیوں کو مزید بتایا کہ اس فیصلے کا اطلاق کشمیر کے تمام اضلاع پر ہو گا۔
نئی دہلی حکومت کی جانب سے اس خطے کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے مواصلاتی رابطوں پر پابندی عائد تھی۔












