ڈاکٹراسد مصطفی,امید کے نخلستان سے نکلا کالم

0
741

وہ ایک مزدور تھا۔اسے اپنے مختصر سے کنبے کے لیے ایک کمرہ بنانا تھا۔اس کمرے کو ہم کوٹھا بھی کہ سکتے ہیں۔میں بھی اسے کوٹھا ہی کہوں گا۔اسے کو ٹھا بنانے میں مشکل یہ درپیش تھی کہ اس کا دروازہ کس طرف کو رکھا جائے کیونکہ کوٹھے کے مغرب کی جانب ایک گھنا جنگل تھا اور مشرق کی طرف ایک بہت بڑی چٹان تھی جو دھوپ اور روشنی روک لیتی تھی۔اس نے کچھ دیر سوچا اور پھر کوٹھے کا دروازہ،چٹان کی سمت رکھ دیا۔ کوٹھا تعمیرہو گیا تواس کی بیوی نے کہا!اس برفیلے موسم میں دھوپ کدھر سے آئے گی۔ اس نے کچھ سوچتے ہوئے پر عزم لہجے میں جواب دیا، اس چٹان کو یہاں نہیں ہونا چاہیے۔۔۔مگر یہ تو بہت بڑی ہے۔۔۔تم اسے کیسے ہٹاؤ گے۔۔۔میں اسے یہاں سے ہٹا دوں گا۔۔جواب سن کر بیوی بچے ہنس پڑے مگر وہ سنجیدہ تھا۔اس نے چٹان کو توڑناشروع کر دیا۔اسے دن رات میں جتنا وقت بھی ملتا، بڑی مستعدی سے مسلسل پتھر توڑتا رہتا۔اب تو اس کی دھن اور لگن دیکھ کر اس کے بیوی بچے بھی اس کے ساتھ شریک ہو گئے تھے۔۔۔وقت گزرتا رہا۔۔۔تیشہ چلتا رہا۔۔۔پتھر ٹوٹتے رہے۔۔۔اور آخر ایک دن ایسابھی آیا جب اس کے کوٹھے اور سورج کے درمیان حائل ہونے والی وہ چٹان نیست و نابود ہو گئی تھی۔سورج کی تمازت بھری کرنوں کو کوٹھے میں جاتادیکھ کروہ بہت طمانیت محسوس کر رہا تھا۔وہ خوشی سے سب کو بتا رہا تھا کہ اس نے وہ چٹان توڑ ڈالی ہے جو اس کے کوٹھے اور سورج کے درمیان حائل تھی اوراب اس کا مکان مکمل ہو گیا ہے۔۔۔یہ تو وہ کہانی تھی جسے گراں خواب، افیونی چینی قوم کے عظیم لیڈر ماوزے تنگ نے لکھا تھا۔ اس سبق آموز کہا نی کوماؤ اور اس کے انقلا بی ساتھیوں نے اپنی طویل محنت اور جدوجہد سے آخر کار سچ کر دکھا یا اور چین ایک طاقتور اور عظیم ملک بن کر دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔چینی قوم کو آزاد،خود مختار،بیدار مغز اور مستحکم بنانے میں ماؤ اور اس کے ساتھیوں کا کردار لازوال ہے اورآج چین کی تاریخ کا ہر طالب علم ماضی اور حال کے چین کو دیکھتا ہے تو حیرت واستعجاب سے تصویر بن جاتا ہے۔۔۔ میں حیران ہوں کہ ایک ایسی ہی جدوجہدکی کہانی کو ہمارے بابائے قوم نے بھی عملی جامہ پہنایا تھا۔ان کے ساتھ تو برصغیر کے کروڑوں افراد کھڑے تھے جوہاتھ میں ہاتھ دیے عزم وحوصلے کی داستان رقم کر رہے تھے مگر پھر کیا ہوا؟ پاکستان بننے کے بعد قوم کیوں تقسیم ہونا شروع ہوگئی؟تحریک پاکستان کے دوران لسانی عصبیتیں موجود تھیں نہ ہی صوبائیت کا غلغلہ تھا۔پھر آہستہ آہستہ ان عصبیتوں نے سر اٹھایا اور نفرتوں کے زہر بھرے انجیکشن ہماری قوم کی رگوں میں اتارے جانے لگے۔ہم تضادات کا شکار ہوکر تقسیم ہوگئے۔دشمن قوتیں تو پہلے دن سے پاکستان کے خلاف تھیں۔انہیں آج بھی پاکستان کے وجود سے تکلیف ہے۔ انہوں نے دو جنگوں کے ساتھ ساتھ ملک توڑنے کے سارے حربے آزما ڈالے ہیں مگر وہ یہ نہیں جانتے کہ ہمارے ملک پر اللہ کا خاص کرم ہے۔آج اگر ہمارے حکمران کرپشن فری معاشرہ کے لیے پرعزم ہیں تو دھرنوں کی سیاست چھوڑ کر انہیں موقع دینا چاہیے کہ وہ یہ کام کر کے دکھائیں اور جو مقاصد اور ایجنڈا لے کر آئیں ہیں وہ پورا کریں۔اس سب کے لیے دوسروں پر کیچڑ اچھالنے کے بجائے سب سے پہلے، ہمیں اپنے اندر شکرگزاری کا جذبہ پیدا کرنا ہو گا۔ شکرگزاری ایک بہت بڑی نعمت ہے۔یہ عمل جتنا سکون اور طمانیت بخشتا ہے کوئی عمل نہیں بخشتا۔شکرگزاری سے انسان کے اندر ٹھہراؤ اور صبر پیدا ہوتا ہے اور وہ منزل اور مقاصد کا درست ادراک بھی کرتا ہے اور صحیح منصوبہ بندی سے مقصد کے حصول کی کوشش میں مصروف ہوجاتا ہے۔بحثیت قوم،انفرادی اور اجتماعی سطحوں پر ہم میں شکرگزاری کے جذبے کی کمی ہے۔اپنے نصیب پر خوش ہونے کے بجائے دوسرے کی خوش نصیبی پر کڑھتے ہیں۔ہم آگے جانے والے آگے جانے نہیں دیتے بلکہ اسے رستے گرانے کے منصوبے بناتے اور ان پر عمل پیرا ہوتے ہیں۔حسد،بغض،نفاق،خودپسندی اور خود غرضی کازہر ہمارے معاشرے کی رگوں میں سرایت کر چکا ہے۔اس کا مظاہرہ ہمیں اپنے گھروں سے لے کر حکومتی سطح پر ہر کہیں نظر آتا ہے۔ ہم شخصی خود غرضی اور مفاد پرستی کا شکار ہو کر قومی ہمدردی، قومی عزت اور قومی ترقی سے بے پروا ہو گئے ہیں۔ہمارے ذاتی مفادات وطن کی محبت سے بالا ترہیں تو مفاہمت اور کبھی منافقت کی دبیز تہیں ہماری کرپشن،بددیانتی اور بے ایمانی کو کیموفلاج کرتی نظر آتی ہیں۔نتیجہ یہ کہ بحیثیت قوم ہمارا سفر ابھی تک معکوس ہے۔یہ سفر معکوس اس لیے بھی ہے کہ ہم اپنے کام آدھی قوت ارادی اور آدھی طاقت سے کرتے ہیں۔ا ن صورتوں میں بھی ناکامی مقدر بن جاتی ہے۔ہم ہرچھوٹی کامیابی کوبھی حتمی کامیابی سمجھ لیتے ہیں۔ ہمارا استاد صرف اپنا نصاب مکمل کرنا چاہتاہے تو ڈاکٹرکا مطمح نظر علاج معالجے کی بھاری فیسیں ہیں،انجینئر کے لیے کسی گورنمنٹ یا پرائیویٹ سیکٹر میں جاب کافی ہوتی ہے توافسر شاہی محض اپنے پروٹوکول کو اہمیت دیتی نظر آتی ہے۔ہمارے مفادات اور پسند اور ناپسند کمترین سطح پر آچکی ہے۔ پاکستان کی ترقی اور کامیابی کوئی یوٹوپیائی چیز ہوگئی ہے۔ کامیابی چاہے شخصی ہو یا اجتماعی، منزل کے تعین کے بعد کا سفر ہمیشہ جاری وساری رہنے والا سفر ہونا چاہیے۔ایک منزل آجاتی ہے تو نئی منزلوں کے رستے پکار رہے ہوتے ہیں۔دنیا کی نظریں ہم پر لگی ہیں۔عالم اسلام بھی ہماری طرف دیکھ رہا ہے۔ہم نے عسکری لحاظ سے مضبوط ہونا ہے توسائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی نئی فتوحات کرنی ہیں۔ہم نے علم وادب کے میدان میں جھنڈے گاڑھنے ہیں تودین اسلام کے سنہری اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے،اسلام کی روشنی سے کفروشرک کی تاریکیوں کو بھی منور کرنا ہے۔لیکن اس کے لیے پہلے اپنے اندر سے نفرتوں کی چٹانوں کو پاش پاش کرنا پڑے گا۔شخصی عزت،شخصی محنت،شخصی ہمدردی اور شخصی ایمانداری کے اصولوں کی پاسداری کرنا پڑے گی۔ ایک طرف کشمیر میں بھارتی ظلم وستم کے خلاف ہماری میڈیا وار عروج پر ہے تو دوسری طرف، حکومت ڈھانے کی کوششیں بھی کمال پرہیں۔ اگر ہم سب اپنے گھر(پاکستان) میں پورے قد سے کھڑ ے ہو جائیں تو بھی ہمارے دروازے کے سامنے ایک چٹان نہیں بلکہ پورا پہاڑ کھڑا ہو گیا ہے اور ہمیں اس پہاڑ میں سرنگ نہیں کرنی بلکہ اپنے کوٹھے (پاکستان)کے سامنے سے پورا پہاڑ ہٹا نا ہے۔۔۔ہمیں اپنے”عظیم ماوزے تنگ“ اور اس کے ساتھیوں کا ساتھ دینا ہوگا۔

ڈاکٹراسد مصطفی

SHARE

LEAVE A REPLY