انسانی جسم کے پہیے ۔ پاؤں،عفت سلطانہ

0
1465

دوپہر کی دھوپ میں میرے بلانے کے لیے
وہ تیرا کوٹھے پے ننگے پاؤں آنا یاد ہے
اللہ تعالیٰ کی بہت ساری نعمتوں میں سے پاؤں بھی ایک بہت قیمتی تحفہ ہیں ۔ ناقدرے ناشکرے بندے اس نعمت کی قدر ان سے پوچھیں جو اس سے محروم ہیں یا کسی وجہ سے پاؤں ہونے کے باوجود چلنے پھرنے سے معذور ہیں
پاؤں جسم کی وہ بنیاد ہیں جس پر پورے جسم کی عمارت کھڑی ہے یہ جسمانی انجینرنگ کا ایک حقیقی شاہکار ہیں قادر مطلق نے 50 ہڈیوں،200 مسلز اور 60 جوائنٹ سے پاؤں کو تخلیق کیا ہے ہمیں اگر پولیٹیکل انجیرنگ سے فرصت ملے تو کسی اور جانب توجہ دیں
پاؤں کی دیکھ بھال کا تعلق کوالٹی آف لائف سے ہے پاؤں کی صحت ٹھیک ہوگی تو دوسروں پر انحصار کم سے کم ہوگا اور انسان مالی و جسمانی دونوں طرح سے اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کے قابل ہوگا
ہماری ساری توجہ چہرے کو خوبصورت بنانے پر مرکوز رہتی ہے پاؤں بے چارے کی تو وہی اوقات ہے جو اس ملک میں غریب عوام کی ہے دونوں پاؤں قلی کی طرح پورے جسم کا بوجھ اٹھائے پھرتے ہیں
پاؤں میں کوئی بھی مسئلہ ہو جائے تو انسان چلنے پھرنے سے معذور ہوجاتا ہے جس کے باعث مزید جسمانی اور نفسیاتی بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں ۔ خوداعتمادی ختم ہوتی ہے اور وہ دوسروں پر بوجھ بن جا تا ہے جس سے ڈپریشن جنم لیتا ہے
نقل وحرکت محدود ہونے سے ایکسرسائز نہیں کرسکتے معاشرتی رابطے منقطع ہونے لگتے ہیں مردوں کے لیے معاشی مسائل بھی جنم لینے لگتے ہیں
واک یا ایکسرسائز کے نہ ہونے کی وجہ سے بلڈ پریشر ،ہارٹ کی بیماریاں، ڈایابیٹیز جیسی بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں
پاؤں کی تکلیف اگر ٹھیک نہ ہورہی ہو تو خود ساختہ ادویات اور ٹونے ٹوٹکے آزمانے کے بجائے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے ۔خاص طور پر شوگر کے مریض تو اس سلسلے میں بالکل لاپرواہی نہ کریں
پاؤں کی صحت کا تعلق تو یقیناً معالج سے ہے مگر صفائی کا خیال تو رکھا جاسکتا ہے
پاؤں کو روزانہ دھونا چاہئے انگلیوں کو بطور خاص صاف کریں ناخن باقاعدگی سے کاٹیں پاؤں کی جلد خشک نہ ہونے دیں اس سے ایڑیاں خراب ہوتی ہیں لوشن ، پیٹرولیم جیلی یا کوئی بھی موسچرائزر ضرور لگائیں ۔صاف ستھرے موزے پہنیں ننگے پاؤں نہ پھریں اس طرح پاؤں میں جراثیم اور چوٹ لگنے کا خطرہ ہوتا ہے ۔ جوتے پاؤں کے سائز کے مطابق اور آرام دہ ہونے چاہئیں۔ خشک ہوں ان میں نمی نہیں رہنی چاہیے جراثیم سے پاک کرنے کے لئے انہیں ہوا لگاتے رہنا چاہیے اگر سینڈل یا کھلی چپلیں پہنیں تو سن بلاک استعمال کریں
پاؤں اتنے صاف ستھرے اور خوشنما ہونے چاہئیں کہ بقول غالب
جہاں تیرا نقشِ قدم دیکھتے ہیں
خیاباں خیاباں ارم دیکھتے ہیں

SHARE

LEAVE A REPLY