طارق بٹ ۔ غصہ جان دیو چودھری صاحب

0
735

۔ کیا ہوا، کیسے ہوا، کہاں ہوا، کس نے کیا اورکیوں کیا؟ یہ ہے وہ سبق جو ہر صافی کو پڑھایا جاتا ہے اور اسی کو دہراتے ہوئے وہ سارا دن جوتیاں گھسیٹتا رہتا ہے جونہی کان میں آواز پڑی کہ ہو گیا تو پہلا سوال داغ دیتا ہے کیا ہوا؟ جواب میں خبر کا سرا ہاتھ آ گیا کہ یہ واقعہ ہو گیا اب سرے کو ہاتھ میں تھامے کھوج شروع ہو گئی کیسےہوا؟ کھرا چل پڑا تو یہاں تک کامیابی مل گی اب نشانات پہ چلتے چلتے جائے وقوعہ تک پہنچنا ہے ۔چل پڑا ۔ارادہ مسمم ہو تو منزل مل ہی جاتی ہے جائے وقوعہ سامنے پاکر شادمان ہے اب تلاش کھرے والے کی کرنی ہے کہ کس نے کیا۔ جان جوکھم کا کام ہے کس نے کیا اور اس کے پیچھے محرکات کیا تھے موقع کے شاہدین سے گفتگو اور علاقے میں موجود اپنے ذرائع کو استعمال میں لاتے ہوئے ابتدائی سرے سے اختتام کی جانب گامزن صحافی اب قانون نافذ کرنے والے اداروں کی واقعہ یا سانحہ کے بارے میں کی جانے والی تفتیش کا منتظر ہے جب وہاں سے رائے مل گی تو خبر تیار ہو گئی جو اس نے اپنے اخبار یا چینل کے نیوز روم میں بھیج دی۔ اب یہ سب ایڈیٹر یا آسائنمنٹ ایڈیٹر کی مہربانی پر منحصر ہے کہ وہ خبر چلاتا ہے یا نہیں ۔ جہاں تک تعلق ہے فیلڈ میں کام کرنے والے صحافی کا تو وہ اپنی تگ و دو جاری رکھتا ہے۔

شائید انہی فیلڈ میں کام کرنے والے صافیوں میں سے کوئی شاعر بھی گذرا ہے جس نے کہہ دیا۔ “جو دیکھتا ہوں وہی بولنے کا عادی ہوں میں اپنے شہر کا سب سے بڑا فسادی ہوں”۔ صحافی اپنے ارد گرد رونما ہونے والے واقعات کو اپنے قلم کے ذریعے کاغذ پر منتقل کر کے اپنے اخبارات کے ذریعے قاری تک پہنچا دیتا ہے خبر یا بیان میں اپنی طرف سے کسی قسم کا مرچ مصالحہ نہیں لگاتا ہاں البتہ کسی خبر پر تبصرہ کرتےہوئے، تجزیہ کرتے ہوئے یا کالم لکھتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار ضرور کرتا ہے مگر یہ اس کا تبصرہ ، تجزیہ یا رائے ہوتی ہے جو اکثر اس کے تجربہ کی بنا پر درست ہوتی ہے مگر بعض اوقات غلط بھی ہو جاتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہوتا کہ ایسا وہ جان بوجھ کر کرتا ہے اندازے کی غلطی ہو سکتی ہے اور غلطی کس سے نہیں ہوتی ۔

صحافی کسی بھی علاقے ، شہر یا ملک میں کام کر رہا ہو جہاں اس کے سینکڑوں چاہنے والے ہوتے ہیں وہیں سینکڑوں اس سے نفرت کرنے والے بھی پائے جاتے ہیں اس لئے کہ صحافی اپنی پیشہ ورانہ صحافتی مجبوری کی بنا پر اس بات کا پابند ہے کہ جو ہے جیسا ہے اسے اسی طرح بیان کرے ۔اب کسی بھی شخصیت یا ادارے کے بارے میں جہاں اچھی خبر کو سراہا جائے گا وہیں نا اہلی، نالائقی یا کرپشن کے حوالے سے دی جانے والی خبر پر شخصیت یا محکمے کی ناراضی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔معاملہ یہاں بھی وہی ہے اچھا اچھا ہپ ہپ اور کڑوا کڑوا تھو۔مگر صحافی اگر اس کڑواہٹ کو برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتا تو اسے کسی اور شعبہ زندگی میں کوشش کرنی چاہیے اس وادی پرخار سے اپنے آپ کو دور ہی رکھے تو بہتر ہے۔

باقی شعبہ ہائے زندگی کو ایک طرف رکھتے ہوئے آج صرف سیاست اور صحافت کا ذکر مقصود ہے اس لئے کہ ان دونوں کا ویسے بھی چولی دامن کا ساتھ ہے دونوں ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں جہاں ایک طرف صحافی کو سیاست دان سے خبر ملتی ہے وہیں سیاست دان بھی اپنی شہرت کے لئے صحافی کے قلم یا کیمرے کا محتاج ہے خبر ہو یا بیان نا اہلیت ہو یا کارکردگی صحافی کے قلم یا کیمرے کے ذریعے ہی عام عوام تک پہنچ سکتی ہے اور عوام کے مسائل بھی اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنے کا ذریعہ یہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جہاں عوام اپنے مسائل صحافیوں کے ذریعے اپنے نمائندگان اور حکومت تک پہنچاتے ہیں وہیں نمائندگان اور حکومت بھی عوامی مسائل کے حل اور اپنی کارکردگی عوام تک پہنچانے کے لئے صحافیوں کی خدمات سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

سیاستدانوں کو اپنی شہرت کے لئے جب صحافیوں کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ اپنے کھڑپینچوں کے ذریعے گاڑیاں بھیج کر صحافیوں کو اپنے پروگراموں میں مدعو کرتے ہیں مگر جب وہ شہرت کے بام عروج پر پہنچ جاتے ہیں تو انہی صحافیوں سے نظریں چرانا شروع کر دیتے ہیں اس سلسلے کی عظیم مثال چودھری نثار علی خان ہیں جو اپنے ووٹر اور نہ ہی اپنے علاقے کے کسی صحافی کا اپنے بارے میں کہا یا لکھا ایک بھی تنقیدی جملہ برداشت کرنے کا حوصلہ رکھتے ہوں گذشتہ دنوں بھی چلمن سے اپنا آپ ظاہر کرنے کے لئے موصوف چک بیلی خان تشریف لے گئے اور وہاں محفل میں موجود ایک صحافی کو یہ کہہ کر نکال دیا کہ آپ میرے خلاف لکھتے ہیں صحافی کا قصور صرف اتنا تھا کہ کسی دور میں اس نے حلقے کے عوام کا علاقے میں اسپتال بنانے کا مطالبہ چودھری صاحب کے سامنے رکھا تھا جسے انہوں نے اپنے خلاف لے لیا کیوں کہ خود تو موصوف اپنا علاج لندن میں کرواتے ہیں حلقے کے عوام علاج کے لئے دھکے کھاتے ہیں تو کھاتے رہیں ۔ اب کوئی بتلائے کہ ہم بتلائیں کیا ۔ کیا یہ رویہ ایک عوامی نمائیندے کا ہو سکتا ہے کہ وہ نہ تو اپنے ووٹر کی آواز سنے اور نہ ہی عوامی آواز کو بذریعہ قلم یا کیمرہ اپنے تک پہنچنے دے اگر آپ اتنے ہی نازک مزاج ہیں تو سیاست کی وادی پر خار میں قدم رکھنے کی ضرورت ہی کیا ہے گھر بیٹھئے آرام سے اور عوام کو کوئی عوامی نمائیندہ منتخب کرنے کا موقع دیجئے ویسے ہی جسے عوام نے حالیہ انتخابات میں آپ کو تین حلقوں سے مسترد کر کے اپنے لئے دیگر نمائیندگان کو منتخب کر لیا ہے اگر آپ نے اپنے رویہ میں تبدیلی نہ لائی تو یہ آخری حلقہ بھی آپ کے ہاتھ سے جاتا رہے گا اس لئے یہ ناز، نخرے، فخر ، غرور اور تکبر سے بھرپور کدورت اور غصہ جان دیو چودھری صاحب۔۔۔!

SHARE

LEAVE A REPLY