ہم وہ خوش نصیب لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک کا سنہرا دور دیکھا ہے ۔ وہ دور جب ٹیلی ویژن کی حیثیت گھر کے کسی اہم فرد کی سی تھی ۔گھر میں اس کے رکھنے کی خاص جگہ متعین تھی۔اس کی صفائی یعنی جھاڑ پونچھ بھی بڑے اہتمام سے ہوتی تھی اور نشریات ختم ہونے کے بعد بڑے اہتمام سے اسے کپڑے سے ڈھک دیا جاتا تھا
۔ٹیلی ویژن کو ڈھکنے کے لیے خوبصورت سے کور استعمال ہوتے تھے جن پر جھالریں اور لیسیں وغیرہ لگی ہوتی تھیں ۔۔۔یوں سمجھیں ٹیلی ویژن کی حیثیت پیر و مرشد کی سی تھی ۔ فلموں اور ڈراموں کے اداکاروں سے زیادہ ہم لوگ خبریں پڑھنے والے لوگوں سے مانوس تھے کیونکہ وہ روزانہ کی بنیاد پر دکھائی دیتے تھے ۔ خالد حمید ، عشرت فاطمہ ، ماہ پارہ صفدر ، ثریا شہاب اور شائستہ زید ہمارے پسندیدہ نیوز کاسٹرز تھے۔
شائستہ زید کا یہ جملہ ہم نے رٹ رکھا تھا ۔
۔this is all from the news room until khabarmama at nine
یہ وہ انگریزی خبریں ختم کرتے ہوئے بولتیں پھر نو بجے اردو میں خبرنامہ نشر ہوتا ۔۔۔جسے دادا ابا کی نگرانی میں مکمل سکوت کے ساتھ سنا جاتا ۔ بعض اساتذہ اور دادا ابا کی نصیحت ہوتی کہ اپنا تلفظ درست کرنے کے لیے ہم انگریزی خبریں اور اردو خبر نامہ انتہائی توجہ سے سنا کریں اور ہم باقاعدگی سے اس پر عمل پیرا ہوتے ۔
عشرت فاطمہ کی ناک کی لونگ ہیرے کی طرح دمکتی اور بڑی پرکشش لگا کرتی۔۔۔مہ پارہ صفدر اور ثریا شہاب کا لہجہ شہد آگیں تھا جو دل میں گھر کر جاتا ۔ مرد نیوز کاسٹرز میں خالد حمید کے لب ولہجے اور انداز کا جواب نہ تھا ۔ ان سب کے لباس اور سلیقے سے بنے بال بھی متاثر کرتے۔۔۔گویا یہ ان دنوں ہمارے رول ماڈل تھے۔۔
۔وقت گزرتا گیا اور یہ چہرے اور لب ولہجے بھی خواب ہو گئے ۔چینلز کی بھر مار نے ٹیلی ویژن سے بھی بیزار کر دیا ۔۔۔ہر چیز کا معیار جیسے ختم ہی ہو گیا ۔۔۔مگر دل و دماغ کبھی گزرے ماضی سے جدا نہ ہوئے۔
میں اب بھی یوٹیوب پر خالد حمید ، ماہ پارہ صفدر اور عشرت کو دیکھتی اور سنتی ہوں۔۔۔ان کے چہرے اور آوازیں مجھے پھر بچپن اور لڑکپن کے سنہرے دور میں لے جاتی ہیں ۔میں خود کو دادا ابا کے پیچھے والی کرسی پر بیٹھا محسوس کرتی ہوں۔۔۔ان کا رعب، دبدبہ اور شفقت کو محسوس کرتی ہوں۔۔۔
یہ انسان کا تخیل بھی اسے کہاں کہاں کی سیرکرواتا پھرتا ہے۔۔۔بات تو کرنا چاہ رہی تھی ماہ پارہ صفدر کی کتاب ” میرا زمانہ میری کہانی” کی۔۔۔اور پہنچ گئی اپنے زمانے ،اپنی کہانی میں ۔۔۔
برادرم اسلم ملک کی طرف سے دعوت نامہ موصول ہوا کہ الحمرا میں ماہ پارہ صفدر کی کتاب کی رونمائی ہے تو شریک ہوں۔۔۔سو ہم کچے دھاگے سے بندھے وہاں پہنچ گئے ۔۔۔اپنی پسندیدہ نیوز کاسٹر کو دیکھنا اور سننا مقصود تھا ۔

ایک بڑی تعداد الحمراء ہال 3 میں موجود تھی۔ریڈیو، ٹیلی ویژن ، صحافت اور ادب کے بڑے بڑے نام موجود تھے ۔ محترم اسلم ملک ، محترم فرخ سہیل گوئندی ، ماہ پارہ صفدر کے فرزند محمد صفدر ، ماہ پارہ صفدر کی ہمشیرہ طلعت نایاب بھی گفتگو کے لیے موجود تھیں ۔ بڑی سیر حاصل گفتگو ہوئی ۔ کتاب کے مندرجات کے حوالے سے چشم کشا انکشافات کیے گئے ۔۔۔جو بڑے اہم اور المناک تھے کہ کس طرح عوام الناس کو بےوقوف بنا کر اصل حقائق سے دور رکھا جاتا ہے ۔۔۔کئی باتیں بڑی دلچسپ اور پر لطف بھی تھیں جنھیں ماہ پارہ صفدر کی زبانی سن کر لطف دوبالا ہو گیا ۔۔
۔ان کی آواز کی دلکشی آج بھی قائم دائم ہے ۔۔۔یوں جیسے گزرتا وقت بھی ان کے لب و لہجے کا اسیر ہو۔۔۔
تحریر: کنول بہزاد
لاہور ۔













