عمران خان کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت آج ہوگی، عدالت نے جلد سماعت کی استدعا منظور کرلی ۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار سے کہا کہ عدالت کو مطمئن کریں کہ عمران خان کی نااہلی کی درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق پٹیشن کی سماعت کے لیے بینچ تشکیل دینے کی متفرق درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے پٹیشن کے قابل سماعت ہونے کے حوالے سےآج دلائل طلب کرلئے ہیں۔ درخواست گزار شہری حافظ احتشام احمد نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ عمران خان نے الیکشن لڑتے وقت اپنے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے ہیں اور اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کا ذکر نہیں کیا ۔
پٹیشن کے میرٹ پر دلائل اس وقت دیں گے جب اصل پٹیشن سماعت کے لیے مقرر ہو گی، آج درخواست یہ ہے کہ ان کی پٹیشن کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے ۔
پٹیشن میں وزیراعظم عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔
درخواست میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی سیکرٹری قانون، سیکرٹری الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی اور وزیراعظم کی سابق اہلیہ ریہام خان کو فریق بنایا گیا ہے۔












