ملک کے لئے تاریخی لمحہ، تھر کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا خواب پورا ہوگیا، 330 میگا واٹ بجلی شامل قومی گرڈ میں شامل کر دی گئی۔
تاریخ رقم کردی گئی، تھر کوئلے سے آخر کار بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی اور بجلی کامیابی سے نیشنل گرڈ میں بھی پمپ کر دی گئی جس سے قوم کا تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا خواب پورا ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقامی اور چینی کمپنی کے اشتراک سے اس وقت تھر کوئلے سے 330 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے جبکہ دوسرا 330 میگاواٹ کا کول پاور پلانٹ جون 2019 میں کام کرنا شروع کر دے گا۔ اس طرح آئندہ برس تک تھر کوئلے سے 660 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔
تھرسے بجلی کی پیداوار کے لئے سالانہ 35 لاکھ ٹن کوئلہ نکالا جائے گا۔ واضح رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار تھر میں موجود کوئلے کے ذخائر سے بجلی کو پیدا کیا گیا ہے۔ تھر میں 175ارب ٹن کوئلے کے ذخائر نے ملک کے انرجی کے منظرنامے کو یکسر تبدیل کر دیا ہے جو پاکستان میں توانائی کے مستقبل کو محفوظ بناتے ہوئے بجلی کی پیداوار کیلئے غیر ملکی ایندھن پر پاکستان کے انحصار کو ختم کر دے گا۔













