شاہ سلمان کے ذاتی محافظ کو کیسے قتل کیا گیا؟

0
824

مکہ المکرمہ کی پولیس نے اتوار کے روز ایک بیان جاری کیا ہے جس میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ذاتی محافظ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم کے قتل کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔

سعودی خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ نے مکہ ریجن پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے گذشتہ روز [ہفتہ] شاہی باڈی گارڈ میجر جنرل عبدالعزیز بن بداح الفغم جدہ کی ایک ساحلی کالونی میں اپنے دوست ترکی بن عبدالعزیز السبتی سے ملنے گئے۔ ملاقات کے دوران دونوں کے مشترکہ دوست ممدوح بن مشعل آل علی بھی آ گئے۔ باتوں باتوں میں کسی معاملے پر میجر جنرل عبدالعزیز الفغم اور ممدوح آل علی کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی، جس کے بعدد ممدوح وہاں سے غصے کی حالت میں چلا گیا، تاہم کچھ دیر بعد وہ اسلحہ لئے واپس آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے میجر جنرل عبدالعزیز الفغم پر گولیاں برسانا شروع کر دیں جس کی زد میں میجر جنرل عبدالعزیز سمیت وہاں موجود دو دوسرے افراد بھی آ گئے۔ زخمیوں میں ترکی بن عبدالعزیز السبتی کا بھائی اور ان کے ہاں کام کرنے والا فلپائنی خادم بھی شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے تو ملزم نے خود کو گھر کے اندر بند کر لیا اور پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ خود کو پولیس کے حوالے کرنے کی متعدد اپیلوں پر کان نہ دھرنے کے بعد حکام کو مناسب کارروائی کرنا پڑی۔‘‘

اس کے بعد، بیان کے مطابق:

1. ملزم، قانون نافذ کرنے والے حکام کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

2. میجر جنرل عبدالعزیز الفغم کو زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ ملزم کی گولیاں لگنے کی وجہ سے جانبر نہ ہو سکے۔

3. سعودی شہر ترکی بن عبدالعیز السبتی، فلپائنی شہری جیفری ڈالوینو، ساربوز ینگ سمیت پانچ پولیس اہلکار ملزم کی اندھا دھند فائرنگ سے زخمی ہوئے۔ انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY