کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں غیر متوقع پرفارمنس کے باوجود پاکستان ٹیم نے عابد علی اور شان مسعود کی شاندار سنچریوں کی بدولت تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا کے خلاف میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان ٹیم نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں پر 395 رنز بنالیے جبکہ اسے سری لنکا پر 315 رنز کی برتری بھی حاصل ہوگئی۔

شان مسعود اور عابد علی کی جوڑی نے 57 رنز بغیر کسی نقصان پر تیسرے روز کھیل کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا۔

دونوں اوپننگ کھلاڑیوں نے سنچریاں اسکور کیں اور ٹیم کو 278 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

ایک جانب شان مسعود 135 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو عابد علی نے کپتان اظہر علی کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا اور 174 رنز کی اننگز کھیل کر 355 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

جب تیسرے دن کھیل کا اختتام ہوا تو کپتان اظہر علی 57 اور بابر اعظم 27 رنز کے ساتھ کیریز پر موجود تھے۔

سری لنکا کی جانب سے دونوں وکٹیں لہیرو کمارا نے لیں۔

یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی بیٹسمین ناکامی کا شکار ہوگئے تھے اور پوری ٹیم اپنے ’’قلعے‘‘ میں 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

پہلی اننگز میں اسد شفیق 63 اور بابر اعظم 60 رنز بنا کر نمایا رہے تھے۔

جواب میں سری لنکن بلے باز اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 271 رنز بنائے اور شاہینوں کے خلاف 80 رنز کی برتری بھی حاصل کرلی تھی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی 5 وکٹیں لے کر نمایا رہے، جبکہ محمد عباس نے بھی نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں اور ایک وکٹ حارس سہیل کے حصے میں آئی۔

SHARE

LEAVE A REPLY