بی بی سی اردو کے ہمارے ساتھی عبید صدیقی گزشتہ ہفتے دہلی میں انتقال کر گئے۔ سمجھ میں نہیں آرہا ان کی موت پرکیا لکھوں، اپنے اس ساتھی کے لیے لکھنا کتنا مشکل ہے جس کے ساتھ آپ نے برسوں کام کیا ہو۔
میں سن نوے میں جب بی بی سی اردو سروس میں آئی تو عبید صدیقی دو برس قبل یعنی سن ۸۸ سے سے موجود تھے، ان کا تعلق آل انڈیا ریڈیو سے تھا اور یہاں آنے سے پہلے وہ سری نگر ریڈیو میں پروڈیوسر تھے
اردو سروس کا عملہ کوئی لمبا چوڑا نہیں تھا لہذا ایک گھنٹے کی ٹرانسمیشن میں ہم لوگ ساتھ ہوتے تھے، پروگرام کی تیاری میں پروفیشنل معاملات پر اکثرہماری نوک جھوک بھی رہتی تھی اختلاف بھی ہوتا تھا مگر بس کام کی حد تک۔
بعد میں انھوں نے آل انڈیا ریڈیو چھوڑ کر بی بی سی اردو میں مستقل ملازمت اختیار کرلی۔ لیکن
۱۹۹۶ اردو سرس کی اعلی انتظامیہ سے اختلاف کے سبب وہ اردو سروس سے مستعفی ہوکر واپس دہلی چلے گئے، ان کا یہ فیصلہ بہت ہی اچانک اور سب کے لئے حیرانگی کا سبب بنا کیونکہ وہ ایک سینئر پوسٹ پر تھے۔ مجھے یاد ہے سب ہی دوستوں اور ساتھیوں نے انھیں سمجھانے کی بہت کوشش کی تھی۔
یہاں سے جاتے ہوئے ریڈیوپرآخری مرتبہ اپنے تاثرات بتاتے ہوئے انھوں نے اپنے مزاج کے بارے میں منیر نیازی کا یہ شعر پڑھا
عادت سی بنا لی ہے تم نے تو منیر اپنی
جس شہر میں بھی رہنا اکتائے ہوئے رہنا
جانے کے بعد بھی ان سے رابطہ رہا خصوصا فیس بک پر ہماری اکثر گپ شپ رہتی تھی، ایسی ایک گفتگو میں
انھوں نے بتایا انھیں لندن کا کثیر ثقافتی اور سیکولر ماحول بہت پسند تھا۔
سوچتی ہوں کاش وہ یہاں سے نہ جاتے۔
ایک مرتبہ فیس بک پر ان کی ایک بہت افسردہ تحریر دیکھ کر لگ رہا تھا جیسے وہ رنجیدہ اور بے چین ہوں، سب دوستوں نے ان کی دل جوئی کے لئے تحریر پرکچھ نہ کچھ لکھا۔ اسی تحریر پر
ہمارے بہت سینیر بزرگ ساتھی یاور عباس کے الفاظ مجھے آج تک یاد ہیں ” یہ وہ عبید نہیں جسے میں جانتا ہوں تم یہاں لندن آجاؤ میرے پاس، میں اپنے پرانے عبید کو تم میں سے نکال لونگا”
عبید کا تعلق یوپی کے شہر میرٹھ سے تھا، وہ اپنے بھارتی شناخت پر بہت فخر کرتے تھے، وہ لندن میں آٹھ برس اپنے قیام کے دوران با آسانی برطانوی شہریت لے سکتے تھے، مگر انھوں نے نہیں لی کیونکہ بھارتی قانون کے مطابق انھیں اپنی بھارتی شہریت سے دستبرادر ہونا پڑتا
مجھے یوں لگتا ہے کہ وہ ایک بہت سیکولرذہن کےانسان تھے بھارت میں کئی برسوں سے انتہا پسندی کا جو لہر چل رہی ہے، وہ اس سے بہت دل برداشتہ اور مایوس ہونگے۔
عبید صدیقی کی شخصیت کی کئی جہتیں تھیں وہ ایک اچھے پروفیشنل، براڈکاسٹر اور جا معیہ ملیہ دہلی میں ابلاغیات کے استاد تھے اور اچھے شاعر بھی تھے
اس وقت ان کی ایک اس غزل کا مطلع بہت یاد آرہا ہے جووہ اکثر دوستوں کی مخفل میں سنایا کرتے تھے بلکہ یہ غزل ان سے بار بار فرمائش کرکے سنی جاتی تھی
کار دنیا کے سب بھی کار نبھانے میں کٹی
زندگی ریت کی دیوار اٹھانے میں کٹی
نہ وہ اتنے بیمار تھے اورنہ ان کی عمر اتنی تھی کہ وہ یوں اچانک چلے جایئں، یوں لگ رہا ہے ان کی زندگی واقعی بس ریت کی دیوار ہو۔ جیسے یہ کوئی الہامی مصرع تھا
افسوس کہ نہ جانے کیوں کافی عرصے سے ان سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا
وہ اکثر اپنے پیج پر اپنا تازہ کلام اور کبھی کبھی دوسرے شعرائے کرام کی اپنی پسندیدہ شاعری شائع کرتے رہتے تھے،
ان کی پوسٹ سے ہی شہزاد احمد کی غزل کے دو مصرعے
رخصت ہوا تو انکھ ملا کر نہیں گیا
وہ کیوں گیا ہے یہ بھی بتا کر نہیں گیا
یوں لگ رہا ہے جیسے ابھی لوٹ آییگا
جاتے ہوئے چراغ بجھا کر نہیں گیا
عبید صد یقی کی شاعری ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے حلقوں میں یقینا مانند چراغ ہی تو ہے جو ان کے ہونے کا احساس دلاتی رہیگی
ماہ پارہ صفدر













